ملتان (سٹاف رپورٹر) پنجاب حکومت کے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے ویمن یونیورسٹی ملتان کے لیے مستقل وائس چانسلر کی تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے معروف ماہرِ نفسیات اور اعلیٰ تعلیمی منتظم پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول کو چار سالہ مدت کے لیے وائس چانسلر مقرر کر دیا ۔ گورنر پنجاب و چانسلر کی منظوری کے بعد جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق یہ تقرری ویمن یونیورسٹی ملتان ایکٹ 2010 کے سیکشن 11(6) اور سیکشن 9(5) کے تحت فوری طور پر نافذ العمل ہوگی جبکہ اس تقرری کو پنجاب ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی قائم کردہ سرچ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں حتمی شکل دی گئی۔ پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول کا شمار ملک کی ممتاز ماہرینِ نفسیات، محققین اور تجربہ کار اساتذہ میں ہوتا ہے۔ وہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے شعبہ نفسیات میں بطور پروفیسر خدمات انجام دے رہی ہیں اور ان کی تعلیمی، تحقیقی اور انتظامی خدمات کئی دہائیوں پر محیط ہیں۔ انہوں نے یونیورسٹی آف دی پنجاب سے اپلائیڈ سائیکالوجی میں پی ایچ ڈی مکمل کی جبکہ بعد ازاں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے برطانیہ کی معروف یونیورسٹی آف SUSSEX سے ہیلتھ سائیکالوجی میں پوسٹ ڈاکٹریٹ فیلوشپ بھی حاصل کی۔ ان کا تحقیقی دائرہ کار ہیلتھ سائیکالوجی، خواتین کو بااختیار بنانے، خاندانی نظام، جذباتی ذہانت، عمر رسیدگی اور ذہنی صحت جیسے اہم موضوعات پر مشتمل ہے۔ تعلیمی و تحقیقی میدان میں ان کی خدمات کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہ اب تک 17 پی ایچ ڈی سکالرز جبکہ 150 سے زائد ایم فل اور بی ایس تحقیقی مقالوں کی نگرانی کر چکی ہیں۔ ان کے زیرِ تربیت طلبہ آج ملک کے مختلف تعلیمی، تحقیقی اور پیشہ ورانہ اداروں میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں بطور چیئرپرسن شعبہ نفسیات اپنے دورِ قیادت کے دوران انہوں نے تدریسی معیار، تحقیقی ماحول، فیکلٹی رہنمائی اور کمیونٹی انگیجمنٹ کے فروغ پر خصوصی توجہ دی۔ کووڈ-19 وبا کے دوران ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول کی خدمات کو خصوصی اہمیت حا صل رہی جب انہوں نے پنجاب مینٹل ہیلتھ ہیلپ لائن کے قیام اور قیادت میں کلیدی کردار ادا کیا، جس کے ذریعے ملک بھر میں ذہنی و نفسیاتی معاونت فراہم کی گئی۔ وہ قومی سطح پر متعدد تربیتی پروگرامز، ورکشاپس، سیمینارز اور فیکلٹی ڈویلپمنٹ سرگرمیوں میں بھی فعال کردار ادا کرتی رہی ہیں۔ اس وقت وہ پاکستان سائیکالوجیکل ایسوسی ایشن کی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں جبکہ بین الاقوامی سطح کی مختلف پیشہ ورانہ تنظیموں سے بھی وابستہ ہیں۔ ان کی علمی و تحقیقی خدمات کے اعتراف میں انہیں متعدد نمایاں اعزازات سے نوازا جا چکا ہے جن میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کا بیسٹ ریسرچر ایوارڈ، بیسٹ یونیورسٹی ٹیچر ایوارڈ، آؤٹ سٹینڈنگ ریسرچ پیپر ایوارڈ، پرائیڈ آف دی نیشن ایوارڈ اور دیگر متعدد قومی اعزازات شامل ہیں۔ دلچسپ امر یہ بھی ہے کہ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم کے دوران ملتان بورڈ میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ سطح پر مجموعی نمایاں پوزیشنز حاصل کرتے ہوئے گولڈ میڈلز اور صدارتی سکالرشپس اپنے نام کیں، جس کے باعث ان کی تعلیمی وابستگی کا ایک مضبوط رشتہ ملتان سے بھی جڑا ہوا ہے۔ تعلیمی حلقوں کا کہنا ہے کہ ویمن یونیورسٹی ملتان میں مستقل وائس چانسلر کی تقرری ایک اہم پیش رفت ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول اپنی وسیع تدریسی، تحقیقی اور انتظامی مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے یونیورسٹی میں تعلیمی معیار، تحقیقی سرگرمیوں، گورننس، بین الاقوامی روابط اور طالبات کی فکری و علمی تربیت کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کریں گی۔ ان کی تقرری کو خاص طور پر خواتین کی اعلیٰ تعلیم، ذہنی صحت سے متعلق آگاہی، تحقیق دوست ماحول اور جدید تعلیمی وژن کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔







