کاہنہ کے علاقے میں نوجوان لڑکی مہروش بی بی کے اندھے قتل کا ڈراپ سین ہوگیا ہے، جس میں افسوسناک طور پر اس کا اپنا شوہر ہی قاتل نکلا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی۔
ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹاؤن کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے گھریلو ناچاقی پر اپنی بیوی کو منہ پر تکیہ رکھ کر قتل کیا۔
ایس پی انویسٹی گیشن شاہد نواز کے مطابق ملزم نے قتل کے بعد لاش کو رات کی تاریکی میں موٹرسائیکل پر منتقل کر کے روہی نالہ میں پھینک دیا اور بعد میں واردات کو چھپانے کے لیے بیوی کے اغوا کا ڈرامہ رچاتے ہوئے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ تفتیشی ٹیم کے مطابق ملزم سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے کہا ہے کہ پولیس پراسیکیوشن پارٹنرشپ کے ذریعے ملزم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید کی جانب سے پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔







