کوئٹہ(بیورورپورٹ)چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پراکسیز اور منفی پراپیگنڈے کے ذریعے پاکستان کی ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرنے والی دشمن قوتیں ناکام ہوں گی۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا ، کوئٹہ آمد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کور کمانڈر کوئٹہ نے کیا۔فیلڈ مارشل نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج،کوئٹہ میں زیرِتربیت افسران اورفیکلٹی ممبران سے خطاب کرتے ہوئے اسٹاف کالج کے اعلیٰ تربیتی معیار، استعداد اورپیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور ابھرتی ٹیکنالوجیز، ملٹی ڈومین آپریشنز سمیت تینوں افواج کے درمیان ہم آہنگی اور مستقبل کے جنگی چیلنجز سے باخبر رہنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے جدید جنگ کے تیزی سے بدلتے ہوئے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ اس کالج کے فارغ التحصیل افسران اپنی غیرمعمولی کارکردگی اورپیشہ ورانہ لگن کے باعث ہمیشہ نمایاں رہے ہیں، افسران بدلتے ہوئے جنگی تقاضوں کا مؤثرجواب دینے کیلئے اپنی اور اپنے جوانوں کی مسلسل تربیت یقینی بنائیں اور پیشہ ورانہ مہارت، تیاری اور آپریشنل برتری کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھیں۔دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں تعینات فارمیشنز کے افسران اور جوانوں سے بھی ملاقات کی، اس دوارن فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں امن، استحکام اور ریاستی رٹ برقرار رکھنے کیلئے افسران و جوانوں کے بلند حوصلے کی تعریف کرتے ہوئے ان کی آپریشنل تیاری اور پیشہ ورانہ عزم کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر نے کہا کہ مسلح افواج عوام کی غیرمتزلزل حمایت کے ساتھ ہر قسم کی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں،پاکستان کی ترقی اورعروج کو پراپیگنڈے، جعلی خبروں یا بیرونی سرپرستی میں دہشتگردی کے ذریعے روکا نہیںجا سکتا، دشمن قوتیں ریاست کی مضبوطی اور عوام کے اتحاد کے باعث بالآخر ناکام ہوں گی۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پراکسیز اور منفی پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان کی ترقی کو سبوتاژکرنے کی کوشش کرنے والی دشمن قوتیں ناکام ہوں گی ، پائیدار ترقی، عوام دوست حکمتِ عملی اوربہتر طرزِ حکمرانی کے ساتھ مؤثر سکیورٹی اقدامات سے مشروط ہے۔اس موقع پر فیلڈ مارشل نے بلوچستان حکومت کی سماجی ومعاشی بہتری اورریاست وعوام کے درمیان تعلق مضبوط بنانے کی کوششوں کو بھی سراہااور بلوچستان میں پائیدار امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ طویل المدتی ترقی عوامی فلاح پرمبنی حکمتِ عملی اور بہترطرز ِحکمرانی کے بغیر ممکن نہیں۔دریں اثناوزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا اور فیکلٹی و اسٹاف آفیسرز سے خطاب کرتےہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں دہشتگرد عناصر کے خلاف آپریشن غضب للحق پوری قوت کے ساتھ جاری ہے، پاکستان اپنی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر اقدام کرےگا۔وزیراعظم نے مسلح افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل تیاریوں اور ملکی خودمختاری کے تحفظ، امن و استحکام کے قیام کے لیے دی گئی قربانیوں کو سراہا۔انہوں نے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور وطن کے دفاع میں افواج پاکستان کے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔انہوں نے معرکہ حق کا حوالہ دیتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج کی تاریخی کامیابی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔وزیراعظم نے بھارت کی بلاجواز اور تکبر پر مبنی جارحیت کے مقابلے میں پاکستان کے ذمہ دارانہ، محتاط اور منصفانہ مؤقف کو اجاگر کیا اور کہاکہ اس مؤقف کو عالمی برادری نے بھی تسلیم کیا۔انہوں نے واضح کیاکہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔وزیراعظم نے کہاکہ آپریشن غضب للححق پوری قوت کے ساتھ جاری ہے جس کا مقصد افغان طالبان کی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے معصوم شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا اور دہشتگرد ٹھکانوں اور ان کے معاون ڈھانچے کو ختم کرنا ہے۔انہوں نے جموں و کشمیر اور فلسطین کے عوام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔وزیراعظم نے دوست ممالک کے طلبہ کی موجودگی کو سراہتے ہوئے ملٹری ڈپلومیسی اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر کے کردار کو اجاگر کیا۔دورے کے دوران وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزرا اور وزیراعلیی بلوچستان بھی موجود تھے۔اس سے قبل کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ آمد پر وزیراعظم کا استقبال فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کیا۔







