لودھراں(رپورٹ:مرزا ندیم) ضلع لودھراں کی 70 سے زائد یونین کونسلوں میں مبینہ کرپشن، فیک بلنگ، بوگس ترقیاتی سکیموں اور سرکاری فنڈز کی بندربانٹ کا انکشاف ہواہے۔ مختلف یونین کونسلوں کے سیکریٹریز اور متعلقہ عملے نے مبینہ طور پر جعلی بلوں، کاغذی اخراجات اور فرضی خریداریوں کی آڑ میں لاکھوں روپے کے فنڈز ہڑپ کر لیے جبکہ 30 فیصد کمیشن دے کر بل پاس کرانے کا انکشافات سامنے آئےہیں۔ذرائع کے مطابق یونین کونسل لاہوری، سگھواں، راوانی، 49 ایم، میراں پور، چک ہمتہ، راجا پور، کمال پور جتیال، ٹھٹھی سمیجہ، حویلی نصیر خان، ڈیرہ جنڈ، آدم واہن، ساندھی والا، دوران والا، چھمب کلیار، بھوٹیجی، خان واہ گھلواں، قریشی والا، سعد اللہ پور، واہی امام بخش، گوگڑاں، سمرا، شیر پور، واہی سلامت رائے، قطب پور، نور گڑھ، سلطان ایوب قتال، جھنڈیر واہ، مقبول واہ، جلہ آرائیں، رانا واہن، شاہ پور پھل، امیرپور سادات، چوکی مستی، کونڈی، ڈانوراں، دھنوٹ، رپڑ، 20 ایم، 35 ایم، 36 ایم، جمرانی واہ، فرید آباد، قادر پور، نصیرالدین واہن، علی پور کانجو اور دیگر متعدد یونین کونسلوں میں مبینہ طور پر پلیوں، فلیکسز، صفائی مہم، کتے مار ادویات، سیوریج، سٹریٹ لائٹس، مشینری، ڈیزل اور دیگر مدات میں بوگس بل لگا کر قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا ٹیکہ لگایا گیا۔ذرائع کا دعویٰ ہے کہ کئی یونین کونسلوں میں زمین پر ترقیاتی کاموں کا نام و نشان تک موجود نہیں تاہم سرکاری ریکارڈ میں تمام سکیمیں مکمل اور ادائیگیاں کلیئر ظاہر کر دی گئی ہیں۔ مبینہ طور پر جعلی واؤچرز، فرضی رسیدیں اور من پسند ٹھیکیداروں کے ذریعے فنڈز نکالے گئے جبکہ بعض یونین کونسلوں میں ایک ہی مد میں بار بار ادائیگیاں ڈالنے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ذرائع نے یہ بھی الزام عائد کیا ہے کہ مبینہ طور پر DDLG راؤ منصب کو 30 فیصد حصہ دے کر بل کلیئر کروائے جاتے رہے جبکہ ضلع بھر سے کروڑوں روپے مبینہ طور پر اکٹھے کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ معاملہ منظرعام پر آنے کے بعد شہری و سماجی حلقوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے اور عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، ڈائریکٹر اینٹی کرپشن، کمشنر ملتان اور ڈپٹی کمشنر لودھراں سے فوری نوٹس لینے آڈٹ کرانے اور ملوث افسران، سیکریٹریز و ٹھیکیداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے موقف لینے پر DDLG منصب علی نے کہا کہ میں نے کسی قسم کا کوئی غلط بل پاس نہیں کیا اور نہ ہی کمیشن لیا گیا ہے تمام تر الزامات بے بنیاد ہیں۔







