ملتان (سٹاف رپورٹر) بہاالدین زکریا یونیورسٹی کے لیے اعلیٰ تعلیمی میدان میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان نے یونیورسٹی کو مکینیکل انجینئرنگ میں ڈاکٹر آف فلاسفی (PhD) پروگرام شروع کرنے کے لیے باقاعدہ نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (NOC) جاری کر دیا ہے۔ ایچ ای سی کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق یہ پروگرام فال 2026 سے شروع کیا جا سکے گا۔ ایچ ای سی کے کوالٹی ایشورنس ڈویژن کی جانب سے جاری ہونے والے خط میں بتایا گیا ہے کہ بہاالدین زکریا یونیورسٹی کی درخواست اور فراہم کردہ دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد کمیشن نے یونیورسٹی کو لیول 8 کوالیفکیشن کے طور پر پی ایچ ڈی مکینیکل انجینئرنگ پروگرام آفر کرنے پر کوئی اعتراض نہ ہونے کا اعلان کیا ہے۔ یہ منظوری یونیورسٹی کی جانب سے فراہم کردہ معلومات اور متعلقہ فیکلٹی کی بنیاد پر دی گئی ہےتاہم یونیورسٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایچ ای سی گریجویٹ ایجوکیشن پالیسی 2023 کے تحت سپروائزر اور طلبہ کے تناسب، پروگرام کے دورانیے، کریڈٹ آورز، سمسٹر گائیڈ لائنز اور دیگر تمام لازمی تعلیمی معیارات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائے۔ ایچ ای سی نے اپنے مراسلے میں واضح کیا ہے کہ اگر مستقبل میں پروگرام سے وابستہ فیکلٹی میں کوئی تبدیلی کی جاتی ہے تو یونیورسٹی فوری طور پر کوالٹی ایشورنس ڈویژن کو آگاہ کرے گی تاکہ این او سی کی حیثیت کو ریکارڈ میں اپ ڈیٹ کیا جا سکے۔ مزید برآں اگر یونیورسٹی ایچ ای سی کی مقررہ شرائط اور کم از کم معیار پر پورا نہ اتری تو کمیشن کو این او سی واپس لینے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔ تعلیمی حلقوں کے مطابق مکینیکل انجینئرنگ میں پی ایچ ڈی پروگرام کی منظوری بہاالدین زکریا یونیورسٹی کیلئے ایک اہم سنگ میل تصور کی جا رہی ہے جس سے نہ صرف جنوبی پنجاب میں انجینئرنگ کے اعلیٰ تحقیقی مواقع میں اضافہ ہوگا بلکہ ریسرچ، انڈسٹری اکیڈیمیا روابط اور جدید انجینئرنگ علوم کے فروغ میں بھی مدد ملنے کی توقع ہے۔ ایچ ای سی کی جانب سے یہ این او سی ڈائریکٹر جنرل (کوالٹی ایشورنس) کی منظوری کے بعد جاری کیا گیا۔







