کراچی میں کوکین کوئین انمول عرف پنکی کے آن لائن منشیات نیٹ ورک سے متعلق اہم انکشافات سامنے آ گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ملزمہ شہر کے پوش علاقوں میں بھی آن لائن منشیات کی فروخت میں ملوث تھی اور اس مقصد کے لیے ایک معروف آن لائن شاپنگ برانڈ کے نام کو غیر قانونی طور پر استعمال کیا جاتا تھا۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ منشیات کی ترسیل میں ملوث نیٹ ورک مکمل طور پر آن لائن سسٹم کے ذریعے کام کر رہا تھا، جس میں رائیڈرز کو اس بات کا علم نہیں ہوتا تھا کہ پارسل میں منشیات موجود ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک صارف نے چند ماہ قبل خفیہ ویڈیو بھی ریکارڈ کی تھی جس میں ڈلیوری کا عمل واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں رائیڈر کو کسٹمر کے حوالے پارسل دیتے ہوئے دیکھا گیا جبکہ اس نے صرف ڈلیوری چارجز وصول کیے۔ بعد ازاں پارسل کھولنے پر اس میں سے آئس برآمد ہونے کے مناظر بھی سامنے آئے۔
یہ انکشافات آن لائن منشیات نیٹ ورک کے طریقہ کار اور اس کے پھیلاؤ پر سنگین سوالات کھڑے کر رہے ہیں۔






