ملتان میں جرائم بے قابو، ایک دن میں قتل کے 3 واقعات، شہریوں میں خوف و ہراس

ملتان،ٹاٹےپور ،قادرپورراں(نمائندہ خصوصی، نامہ نگار)ملتان شہر میں بڑھتی ہوئی جرائم کی وارداتوں اور پے در پے قتل کے لرزہ خیز واقعات نے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا۔ گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں تین مختلف واقعات میں دو خواتین سمیت تین افراد جان کی بازی ہار گئےجبکہ پولیس نے تمام واقعات کی الگ الگ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔پہلا افسوسناک واقعہ ٹھوکر پل رنگیل پور کے قریب پیش آیا جہاں 56 سالہ اظہر الحق ولد عطا اللہ پراسرار طور پر گولی لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔ ریسکیو 1122 ذرائع کے مطابق پولیس کنٹرول روم کی جانب سے اطلاع موصول ہوئی کہ ایک شخص کو گولی لگی ہے، جس پر قریبی ایمبولینس فوری طور پر روانہ کی گئی۔ ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی تو پولیس پہلے ہی موجود تھی۔پولیس کے مطابق اظہر الحق اپنی بیٹھک میں سو رہا تھا کہ اچانک گولی چلنے کی آواز سنائی دی۔ لواحقین جب قریب پہنچے تو اس کے سر میں گولی لگی ہوئی تھی۔ ریسکیو اہلکاروں نے سی پی آر کی کوشش کی تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ ابتدائی طور پر واقعے کی اصل وجوہات سامنے نہ آ سکیں جبکہ پولیس قتل، خودکشی اور دیگر پہلوؤں پر تحقیقات کر رہی ہے۔ فرانزک ٹیموں نے موقع سے شواہد اکٹھے کیے جبکہ نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔دوسرا لرزہ خیز واقعہ تھانہ گلگشت کے علاقے دیوان کا باغ نواب پور روڈ میں پیش آیا جہاں مبینہ طور پر ایک نامعلوم سنگدل شخص نے گھر میں گھس کر اکیلی خاتون کو تیز دھار آلے کے وار کر کے قتل کر دیا۔ ذرائع کے مطابق 38 سالہ پروین مائی زوجہ محمد عرفان گھر میں اکیلی موجود تھی کہ اسی دوران نامعلوم ملزم گھر میں داخل ہوا اور اس پر پے در پے وار کیے، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔پولیس حکام کے مطابق واقعے میں ڈکیتی سمیت دیگر محرکات کو بھی مدنظر رکھتے ہوئے تحقیقات جاری ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس، تفتیشی افسران اور فرانزک ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے گئے۔ بعد ازاں ریسکیو اہلکاروں نے نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے نشتر ہسپتال منتقل کر دیا۔تیسرا افسوسناک واقعہ وصلی والا ٹاٹے پور روڈ قادر پور راں کے علاقے میں پیش آیا ۔ نشے کے عادی شخص نے گھریلو جھگڑے کے بعد اپنی بیوی کو چھریوں کے پے در پے وار کرکے موت کے گھاٹ اُتار دیا ۔ چاہ وصلی والہ کا رہائشی مظہرعباس عرف پنوں آہیر کافی عرصے سے آئس کے نشے میں مبتلا تھا اور نشے کی لت پوری کرنے کے لیے گھر کا سامان تک فروخت کر رہا تھا۔ چند روز قبل اس نے گھر کا پیڈسٹل فین بھی فروخت کر دیا جس پر اس کا اپنی اہلیہ سے جھگڑا ہوا اور اہل خانہ نے اُسے گھر سے نکال دیا۔ گزشتہ رات ملزم اچانک گھر کی دیوار پھلانگ کر اندر داخل ہوا اور طیش میں آکر اپنی اہلیہ پر چھریوں سے پے در پے حملہ کر دیا۔ خاتون شدید زخمی ہو گئی۔ اطلاع ملتے ہی تھانہ قادرپور راں پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمی خاتون کو تشویشناک حالت میں نشتر ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم مظہر عرف پنوں کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔ واقعہ کی خبر علاقے میں پھیلتے ہی خوف و ہراس کی فضا قائم ہوگئی جبکہ اہل علاقہ نے آئس جیسے مہلک نشے کے بڑھتے رجحان پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ شہری و سماجی حلقوں نے شہر میں بڑھتے ہوئے قتل، گھریلو تشدد، ڈکیتی اور پراسرار وارداتوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کیا جائے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پولیس گشت اور خفیہ نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں