بہاولپور رجسٹری برانچ، اختیارات کا ناجائز استعمال، پرائیویٹ افراد کی مداخلت

بہاولپور( ڈسٹرکٹ رپورٹر)جنوبی پنجاب کے ضلع بہاولپور میں تعینات تحصیلدار وسیم اکرم اور انچارج خدمت مرکز کے خلاف مبینہ طور پر اختیارات کے ناجائز استعمال، رجسٹری فیسوں میں خورد برد اور سرکاری احکامات نظر انداز کرنے کے سنگین الزامات سامنے آ گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ممبر بورڈ آف ریونیو کی جانب سے ریونیو افسران کو حاصل اختیارات کے بعد بہاولپور میں رجسٹریوں کے معاملات میں بے ضابطگیوں کا سلسلہ عروج پر پہنچ چکا ہے، جبکہ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، ممبر بورڈ آف ریونیو، کمشنر بہاولپور اور ڈی جی اینٹی کرپشن کو تحریری درخواستیں بھی ارسال کر دی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اے ڈی سی آر بہاولپور کی جانب سے 28 مارچ 2026 کو جاری ہونے والے احکامات میں واضح ہدایت دی گئی تھی کہ ہر رجسٹری پٹواری حلقہ کی موقع رپورٹ، نظری عکس شجرہ اور مکمل جانچ پڑتال کے بعد منظور کی جائے گی، تاہم الزام ہے کہ تحصیلدار وسیم اکرم نے ان احکامات کو نظر انداز کرتے ہوئے خدمت مرکز بہاولپور کا لاگ اِن مبینہ طور پر نجی افراد محمد عثمان وغیرہ کے حوالے کر رکھا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ تحصیل بہاولپور سٹی میں نجی افراد سرکاری اختیارات استعمال کرتے ہوئے رجسٹریوں کی منظوری میں ملوث ہیں، جبکہ متعلقہ دفتر میں نہ کوئی سرکاری اہلکار موجود ہوتا ہے اور نہ ہی رجسٹری محرر تعینات ہے۔شکایات کے مطابق متعدد رجسٹریاں بغیر پٹواری رپورٹ منظور کی گئیں، جبکہ کورڈ ایریا اور شیڈول میں ردوبدل کر کے لاکھوں روپے مالیت کی سرکاری فیسوں میں کمی کی گئی۔ الزام یہ بھی سامنے آیا ہے کہ سال 2025-26 کے کم ترین شیڈول ریٹس لگا کر قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا گیا۔ ذرائع کے مطابق 35 بی سی کی 24 کنال اراضی کی رجسٹری میں بھی مبینہ طور پر قواعد و ضوابط کے برعکس منظور کی گئی، جس سے حکومت پاکستان کو مالی نقصان اٹھانا پڑا۔شہریوں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ کمشنر بہاولپور اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور کے دفاتر کے قریب یہ تمام معاملات جاری رہنے کے باوجود متعلقہ افسران کارروائی سے گریزاں ہیں۔ درخواست گزاروں نے الزام عائد کیا کہ اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے رجسٹری محرر، پٹواری، گرداور اور ریونیو افسر کے اختیارات ایک ہی شخصیت کے پاس جمع ہو چکے ہیں، جبکہ خدمت مرکز کی چیکنگ اور رجسٹری فیسوں کے آڈٹ کے لیے بھی کوئی مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور اینٹی کرپشن حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کر کے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے وسیم اکرم تحصیلدار کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائےاور پرائیویٹ افراد کے ذریعے لاگ ان کو فوری طور پر ڈائریکٹر اینٹی کرپشن بہاولپور تحصیل افس کا وزٹ کر کے پرائیویٹ افراد کو گرفتار کریں اور قانونی کاروائی کی جائے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں