اسلام آباد: جماعت اسلامی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف 15 مئی کو اسلام آباد میں بڑے احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں مہنگائی مسلسل بڑھ رہی ہے جبکہ حکومتی پالیسیوں کے باعث عوام پر مزید بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق جماعت اسلامی عید کے بعد بھی مہنگائی کے خلاف بڑی تحریک چلانے جا رہی ہے، تاہم اس سے قبل 15 مئی کو اسلام آباد میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان بھی کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہڑتال اور پہیہ جام جیسے آپشنز بھی زیر غور ہیں اور حکومت کو عوام کے حقوق پر ڈاکا نہیں ڈالنے دیا جائے گا۔ حافظ نعیم الرحمٰن کے مطابق پیٹرول کی اصل ریفائنری قیمت تقریباً 271 روپے بنتی ہے جبکہ باقی بوجھ ٹیکسز اور لیویز کی صورت میں عوام برداشت کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت صرف ٹیکس اہداف پورے کرنے کے لیے لیوی کا استعمال کر رہی ہے جبکہ فیصلے آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بجلی پر گزشتہ تین سال میں 19 کھرب روپے کے ٹیکسز عوام سے وصول کیے گئے، جبکہ ملک میں حکمران طبقے کے اخراجات کم ہونے کے بجائے بڑھ رہے ہیں۔ ان کے مطابق مہنگائی کے باوجود اشرافیہ کی مراعات اور اخراجات میں کمی نہیں آ رہی۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں پیٹرول کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں جبکہ بھارت اور بنگلہ دیش میں ایسا اضافہ نہیں ہوا، جو حکومتی پالیسیوں پر سوالیہ نشان ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی مہنگائی کے خلاف تحریک کی قیادت کرے گی اور عوام سے اپیل کی کہ پرامن رہتے ہوئے احتجاج کو مؤثر بنایا جائے۔







