کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 12 مئی کو کراچی میں معصوم شہریوں کو نفرت اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
سانحہ 12 مئی 2007 کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کراچی کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کے شہدا کی قربانیاں آج بھی ایک دردناک مگر ہمیشہ یاد رہنے والی حقیقت ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کے مطابق یہ قربانیاں جمہوریت، انصاف اور قانون کی بالادستی کے لیے دی جانے والی قیمت کی یاد دلاتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس روز کراچی میں بے گناہ لوگوں کو تشدد اور خوف کی بھینٹ چڑھایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اُس دن سیاسی کارکنان، جیالوں اور شہریوں نے غیر معمولی حوصلے اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے جبر اور خوف کے خلاف مزاحمت کی ایک مثال قائم کی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ کراچی کی سڑکوں پر بہنے والا خون صرف ایک سانحہ نہیں بلکہ جمہوریت، انصاف اور عوامی جدوجہد کی ایک علامت بن چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قومیں اپنے زخموں کو بھلا کر نہیں بلکہ سچائی اور وقار کے ساتھ یاد رکھ کر آگے بڑھتی ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے عزم ظاہر کیا کہ پیپلز پارٹی ایک پرامن، جمہوری اور روادار پاکستان کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، جہاں کسی شہری کی آواز کو تشدد کے ذریعے دبایا نہ جا سکے اور کوئی شہر خوف کے زیرِ اثر نہ رہے۔







