ملتان: وزیراعظم کا “قوم” کی خبر کا نوٹس، نجی کلب میں 31 لاکھ یونٹس بجلی چوری ثابت

ملتان(عوامی رپورٹر)روز نامہ’’ قوم‘‘ کی خبر کا نوٹس ،وزیر اعظم پاکستان آفس نے نجی کلب ملتان میں میپکو افسران بالا کی زیر سر پرستی 31 لاکھ کمرشل یونٹس کی چوری پر اعلیٰ سطحی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی۔چوہدری ناصر محمود کی درخواست پر ملتان کے نجی کلب میں اعلیٰ میپکو افسران کی زیر سر پرستی وسیع پیمانے پر بجلی چوری کا وز یر اعظم آفس اسلام آباد نے نوٹس لیتے ہوئے غلام فاروق سینئر جو ائنٹ سیکرٹری ( ٹرانسمیشن ) پاور ڈویژن اسلام آباد، شیخ طفیل احمد چیف (ٹیکنیکل سروسز) پی پی ایم سی اسلام آباد اور تنویر عبداللہ چیف لا آفیسر حیسکو حیدر آباد پرمشتمل انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔ انکوائری کمیٹی نے ملتان میپکو ہیڈ کوارٹر میں آکر اس وسیع پیمانہ پر بجلی چوری سکینڈل کی تحقیقات کیں ۔ دوران انکوائری اطلاعات کے مطابق نجی کلب ملتان میں بجلی چوری ثابت ہوگئی ۔ ایکسین آپریشن میپکو موسیٰ پاک ڈویژن ملتان نے 11 کے وی انڈیپنڈنٹ فیڈر کے جو اعداد و شمار 07/2022 سے لے کر 03/2026 تک انکوائری کمیٹی کو پیش کیے ہیں اس میں ہوشربا انکشافات سامنے آئے ۔ رپورٹ کے مطابق ملتان کے نجی کلب میں 02/2024 سے 08/2025 تک 1720 کلو واٹ لوڈ غیر قانونی طور پر اس فیڈر پر چلتا رہا ہے۔ میپکو کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق 11 کے وی انڈیپنڈنٹ فیڈر کے لائن لاسز 07.02.2022 سے 01/2024 تک صرف 9.32 فیصدتھے جب نجی کلب کا غیر قانونی 1720 کلوواٹ کا لوڈ اس فیڈر پر ڈالا گیا تو 02/2024 تا08/2025 کے لائن لاسز30.96 فیصدہو گئے اور جب 08/2025 کے اواخر میں اس کنکشن کو جب ریگولرائز کیا گیا تو اور دوسرے فیڈر پر شفٹ کر دیا گیا تو پہلے فیڈر کے لائن لاسز 09/2025 تا 03/2026 صرف 4اعشاریہ29 فیصدرہ گئے ۔ اسی طرح 1720 کلو واٹ کا لوڈ 11 کے وی ڈی ایچ اے انڈیپنڈنٹ فیڈر پر ڈالنے سے گرڈ سٹیشن بیچ ولاز ملتان سے یونٹس ریسیوڈ میں 80.75فیصدکا اضافہ نوٹ کیا گیا اور فروخت صرف 37.63 بڑھی یعنی 43.12 فیصدیونٹس 02/2024 تا 08/2025 میں میپکو کے افسران کی زیر سر پرستی چوری کیے گئے۔ مزید یہ کہ 11 کے وی پینل نمبر 116-2730-23-TE کی گمشدگی کا بیانیہ بھی دفن ہو گیا کیونکہ دوران انکوائری ایک متعلقہ لائن سپرنٹنڈنٹ نے بیان ریکارڈ کروایا کہ 03/2025 تک یہ 11 کے دی پینل موقع پر موجود تھا اور بجلی اس سے نجی کلب کو فراہم ہورہی تھی اور وہ سلطانی گواہ بن گیا۔ اس میگا بجلی چوری سکینڈل کے مرکزی کردار خالد محمود سابقہ جی ایم ٹیکنیکل میپکو (موجودہ چیف ایگزیکٹو آفیسر آئیسکو اسلام آباد، جام گل محمد زاہد چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو ملتان اور امجد نواز بھٹی ایس ای آپریشن ملتان سرکل اعلیٰ سطح انکوائری کمیٹی کے سوالات کا تسلی بخش جواب نہ دے سکے اور اپنا دفاع کرنے میں کلی طور پر نا کام رہے ۔ وزیر اعظم آفس اسلام آباد انکوائری کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں ان بجلی چور افسران کے خلاف کارروائی عمل لائے گا۔ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ بجلی چور افسران درخواست دہندہ پر مختلف حیلوں بہانوں سے دباؤ ڈال رہے ہیں کہ وہ درخواست کی پیروی نہ کریں۔ اس ضمن میں دوسروں کے علاوہ وسیم احمد سپر نٹنڈنگ انجینئر مظفر گڑھ میپکو سرکل بڑا فعال کردار ادا کر رہا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں