سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بڑی کمی، مارکیٹ میں نرمی کا رجحان

کراچی: عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں پیر کے روز سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی، جس کے بعد خریداروں کے لیے قدرے ریلیف پیدا ہو گیا۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 38 ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد نئی قیمت 4 ہزار 576 ڈالر تک آ گئی۔ عالمی سطح پر کمی کے اثرات مقامی صرافہ بازاروں پر بھی پڑے، جہاں فی تولہ سونا 3 ہزار 800 روپے سستا ہو کر 4 لاکھ 79 ہزار 962 روپے تک پہنچ گیا۔
اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں بھی کمی دیکھنے میں آئی، جو 3 ہزار 257 روپے کم ہو کر 4 لاکھ 11 ہزار 490 روپے کی سطح پر آ گئی۔
دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی کا رجحان رہا۔ مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی 100 روپے سستی ہو کر 7 ہزار 914 روپے کی سطح پر آ گئی، جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 86 روپے کم ہو کر 6 ہزار 784 روپے ریکارڈ کی گئی۔
ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث مقامی سطح پر بھی یہی رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے، اور آنے والے دنوں میں مزید تبدیلی کا امکان موجود ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں