راولپنڈی: انسدادِ دہشت گردی عدالت نے سانحہ 9 مئی سے متعلق 11 مقدمات کی سماعت اڈیالہ جیل اور ویڈیو لنک سسٹم کی خرابی کے باعث 19 مئی تک ملتوی کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اے ٹی سی کے جج امجد علی شاہ نے مقدمات کی سماعت کی، تاہم 11 کیسز کے تفتیشی افسران کی مکمل حاضری ممکن نہ ہو سکی۔ بانی چیئرمین تحریک انصاف کی اڈیالہ جیل سے روبکار کے ذریعے حاضری لگائی گئی۔
سماعت کے دوران 9 مئی کے 11 مقدمات میں چالان کی نقول کی تقسیم کا عمل بھی مکمل نہ ہو سکا، جبکہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو بھی ابھی تک چالان کی نقول فراہم نہیں کی گئیں۔
وکلائے صفائی کی جانب سے مشاورت کے لیے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی درخواست بھی عدالت نے مسترد کر دی۔ اسی دوران سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری مکمل کی۔
واضح رہے کہ ان 11 مقدمات میں جی ایچ کیو گیٹ نمبر 4 پر حملہ، آرمی میوزیم پر حملہ، میٹرو بس اسٹیشن اور دیگر حساس سرکاری عمارتوں کو جلانے کے واقعات شامل ہیں۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر تمام مقدمات میں چالان کی نقول تقسیم کا عمل مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔







