اسلام آباد: بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ کا اہم اجلاس طلب کر لیا گیا ہے جس میں پاکستان کے لیے آئندہ مالی قسط کی منظوری کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے لیے 1.2 ارب ڈالر کی اگلی قسط کی منظوری سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اجلاس میں توقع ہے کہ پاکستان کے لیے توسیعی فنڈ سہولت پروگرام کے تحت جاری تیسرے اقتصادی جائزے کی منظوری دے دی جائے گی، جبکہ کلائمیٹ فنانسنگ کے آر ایس ایف پروگرام کے دوسرے جائزے کی بھی توثیق متوقع ہے۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ 27 مارچ کو طے پایا تھا، جس کے بعد اصلاحاتی عمل میں پیش رفت جاری ہے۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق پیٹرولیم لیوی کی مد میں 1468 ارب روپے کے ہدف سے زائد وصولی کا امکان ہے، جبکہ حکومت اس لیوی میں مزید اضافے پر بھی غور کر رہی ہے۔
آئی ایم ایف نے حکومت پر سبسڈیز میں کمی اور مالی نظم و ضبط سخت کرنے پر زور دیا ہے، تاہم حکومتی مؤقف کے مطابق معیشت میں بہتری اور مہنگائی کی شرح میں کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔
مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث معاشی خطرات بدستور موجود ہیں، تاہم حکومت نے آئی ایم ایف کو مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔







