ذہنی معذور لڑکی سے زیادتی کے ملزم نے گرفتاری کے خوف سے خودکشی کر لی

میلسی (نمائندہ قوم)ذہنی معذورلڑکی سے زیادتی کرنے والے ملزم نے گرفتاری سے بچنےکیلئے ترجمان پولیس کی جانب سے پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ تھانہ کرمپور کے علاقے میں ذہنی معذور 22 سالہ لڑکی سے زیادتی کے مقدمہ نمبر 198/26 میں مطلوب ملزم عابد حسین نے پولیس کی گرفتاری کے خوف سے خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔ترجمان پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ کرمپور ملک زمان لیاقت کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے خفیہ اطلاع پر موضع زور کوٹ کی ایک زیرِ تعمیر عمارت میں چھپے ملزم کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس نے ملزم کو متعدد بار بلند آواز میں گرفتاری دینے اور سرنڈر کرنے کی تلقین کی، مگر ملزم نے قانون کا سامنا کرنے کے بجائے خود پر پستول تان لیا۔پولیس کے مطابق گرفتاری کے دباؤ اور خوف کے باعث ملزم عابد حسین نے موقع پر ہی خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او ملک زمان لیاقت بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی جائے گی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سنگین نوعیت کے مقدمہ میں مطلوب ملزم کی فرار کی تمام راہیں مسدود کر دی گئی تھیں۔ تھانہ کرمپور پولیس کی بروقت، جرات مندانہ اور پیشہ ورانہ کارروائی کی وجہ سے ملزم قانون کی گرفت سے بچ نہ سکا۔اہلِ علاقہ نے ایس ایچ او ملک زمان لیاقت اور تھانہ کرمپور کی پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مظلوم کو انصاف دلانے اور مجرم کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کے لیے پولیس کا کردار قابلِ تحسین ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں