واسا ملتان میں اربوں کی کرپشن، ایم ڈی مظفر گڑھ فارغ، 2 افسران کے گرد گھیرا تنگ

ملتان ( خصوصی رپورٹر) واسا ملتان میں اربوں روپے کی میگا کرپشن میں ملوث افسران کیخلاف گھیرا تنگ ، ایم ڈی واسا مظفر گڑھ عبدالسلام کو پیڈا ایکٹ کے تحت معطل کرکے عہدے سے فارغ کردیا گیا ، میگا کرپشن میں شریک کار مزید دو افسران کے خلاف بھی جلد کارروائی کا امکان ہے، ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ واسا ملتان میں اربوں روپے کی کرپشن کے معاملے پر اینٹی کرپشن اور دیگر متعلقہ فورمز پر سابق ڈائریکٹر ریکوری واسا ملتان اور موجودہ ایم ڈی واسا مظفر گڑھ عبدالسلام اور دیگر دو افسران کو چارج شیٹ کیا گیا تھا اور عرصہ دو سال سے ان کے خلاف کارروائی زیر التوا چلی آرہی تھی ۔گزشتہ روز حکومت پنجاب کے محکمہ ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے واسا مظفرگڑھ کے منیجنگ ڈائریکٹر کو معطل کر دیا ہے،جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 18 کے افسر عبدالسلام جو بطور منیجنگ ڈائریکٹر واسا مظفرگڑھ خدمات سرانجام دے رہے تھے اور انہیں واسا کوٹ ادو کا اضافی چارج بھی حاصل تھا کو پیڈا ایکٹ 2006 کے تحت معطل کر دیا گیا ہے۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ معطلی کے فوری بعد انہیں ان کی ذمہ داریوں سے فارغ کر دیا گیا ہے اور ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر ڈائریکٹر جنرل پنجاب واسا لاہور کو رپورٹ کریں۔سیکرٹری ہاؤسنگ اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری اس حکم نامے کی کاپیاں متعلقہ حکام کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں تاکہ ضروری کارروائی عمل میں لائی جا سکے، واضح رہے کہ عبدالسلام اور سابق ڈائریکٹرز واسا عارف عباس اور سعید ڈوگر کے خلاف بھی میگا کرپشن الزامات کے تحت انکوائریاں زیرالتواتھیں ، عبدالسلام کے خلاف کارروائی کے بعد دیگر دونوں افسران کے خلاف بھی جلد معطلی ، پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے ۔

WASA Multan corruption, Multan news,

شیئر کریں

:مزید خبریں