ملتان (وقائع نگار) فاٹا کے نام پر ٹیکس فری کپڑ ے کی سمگلنگ بے نقاب، 20 کروڑ روپے مالیت کا کپڑا ضبط فاٹا کے نام پر ٹیکس فری درآمد کیے جانے والے کپڑے کی بڑے پیمانے پر سمگلنگ کا انکشاف ہوا ہےجس پر کسٹمز حکام نے کارروائی کرتے ہوئے 20 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا کپڑا ضبط کر لیا۔ذرائع کے مطابق چیئرمین ایف بی آر کو اطلاع ملی تھی کہ فاٹا کے صنعتی یونٹس کے لیے آنے والا ٹیکس فری کپڑا غیر قانونی طور پر ملک کے مختلف شہروں میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ اس اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر کی ہدایت پر ایڈیشنل کلکٹر امانت علی کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، جس میں اسسٹنٹ کلکٹر امان صادق سمیت دیگر افسران شامل تھے۔کسٹمز ٹیم نے پشاور کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر بھاری مقدار میں سمگل شدہ کپڑا برآمد کر لیا، جس کی مالیت 20 کروڑ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ کپڑا فاٹا کے صنعتی یونٹس کے لیے ٹیکس فری سہولت کے تحت منگوایا گیا تھا مگر اسے غیر قانونی طور پر اوپن مارکیٹ میں فروخت کیا جا رہا تھا۔کسٹمز حکام کے مطابق اس کارروائی کا مقصد قومی خزانے کو نقصان سے بچانا اور سمگلنگ کے اس نیٹ ورک کا خاتمہ کرنا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں اور اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔حکام نے عندیہ دیا ہے کہ مستقبل میں بھی ایسی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ ٹیکس چوری اور سمگلنگ کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔







