بہاولپور (سپیشل رپورٹر) صادق عباسی ہسپتال بہاولپور سے مبینہ بدانتظامی اور ڈیوٹی کی خلاف ورزیوں سے متعلق مزید سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ہسپتال میں تعینات بعض لیڈی ڈاکٹرز سرکاری اوقاتِ کار کی پابندی نہیں کر رہیں، جہاں انہیں صبح 8 بجے ڈیوٹی پر حاضر ہونا چاہیے، وہاں اکثر ڈاکٹرز 10 بجے کے بعد ہسپتال پہنچتے ہیں اور دوپہر 12 بجے تک واپس چلے جاتے ہیں۔تفصیل کے مطابق ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ متعلقہ ڈاکٹرز ہسپتال سے جلد روانگی کے بعد اپنے نجی کلینکس میں مریضوں کو وقت دیتے ہیں، جبکہ سرکاری تنخواہیں بدستور وصول کی جا رہی ہیں اس صورتحال نے نہ صرف مریضوں کو مشکلات سے دوچار کیا ہے بلکہ سرکاری طبی نظام کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں مزید برآں، ذرائع کے مطابق ہسپتال انتظامیہ خصوصاً میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) کو اس تمام صورتحال کا علم ہونے کے باوجود کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ انتظامی افسران کی طویل تعیناتی کے باعث باہمی مفاہمت یا چشم پوشی کا تاثر پیدا ہو رہا ہے شہری حلقوں اور سماجی تنظیموں نے اس معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ صادق عباسی ہسپتال میں ڈیوٹی اوقات کی خلاف ورزیوں اور نجی پریکٹس کے مبینہ معاملے کی فوری اور شفاف انکوائری کروائی جائے ساتھ ہی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے کردار کا بھی جائزہ لیا جائے تاکہ ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ممکن بنائی جا سکے مزید برآں، پرنسپل قائداعظم میڈیکل کالج اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس سنگین معاملے کا نوٹس لیں، ہسپتال میں نظم و ضبط کو یقینی بنائیں اور مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔
Bahawalpur, Sadiq Abbasi Hospital







