ملتان: انہار کالونی میں ریٹائرڈ اور ٹرانسفر افسران قابض، غیر قانونی الاٹمنٹ و دوہری رہائش

ملتان(عوامی رپورٹر)بہاولپور روڈ پر واقع محکمہ انہار کی کالونی میں متعدد افسران کئی کئی سال سے تبادلوں کے باوجود سرکاری گھروں پر غیر قانونی اور ناجائز قبضے کئے ہوئے ہیں اور ان میں سے بعض تو ہاؤس رینٹ بھی وصول کر رہے ہیں ۔انہار کالونی کی کوٹھی نمبر ایک پر ریٹائرڈ انجینئر رشید بیگ بدستور قابض ہیں۔انہار کالونی کی کوٹھی نمبر 3 میں یاسین اظہر غیر قانونی طور پر قابض ہیں اور اسی طرح رہائش گاہ نمبر5میں آفتاب اسعد تبادلے کے باوجود قبضہ نہیں چھوڑ رہے۔ رہائش گاہ نمبر 6 میں ریٹائرڈ چیف انجینئر رانا محمد افضل جو کہ نیو ملتان کے رہائشی ہیں نے قبضہ اس شرط پر چھوڑا کہ انہیں ریٹائرمنٹ کے باوجود ٹیوب ویل ڈویژن میں ایک کوٹھی خالی کروا کر غیر قانونی رہائش دی گئی حالانکہ ایک ریٹائرڈ ملازم کو کسی بھی طور پر سرکاری رہائش ا لاٹ نہیں ہو سکتی۔ رہائش گاہ نمبر8 میں مقیم رضوان سلیم دو سال قبل ٹرانسفر ہو چکے ہیں اور انہوں نے ہیڈ پنجند میں بھی سرکاری کوٹھی لے رکھی ہے جبکہ وہ بدستور زون تبدیل ہونے کے باوجود ملتان والی سرکاری رہائش گاہ پربھی قابض ہیں۔ کوٹھی نمبر9میں ملتان ہی کی رہائشی سمیعہ مبارک ناجائز طور پر قابض ہیں جبکہ رہائشگاہ نمبر 11 میں گزشتہ پانچ سال سے سدرہ شاہد قابض ہیں اور ان کی تعیناتی ان دنوں ایکسین بہاولپور ہے۔ چیف انجینئر باوجود بار بار کوشش ان سے رہائش گاہ خالی کروانے میں ناکام رہے تو انہوں نے ڈی ایچ اے ملتان کے قریب محکمہ انہار کی نئی کالونی میں غیر قانونی طور پر متبادل سرکاری رہائش الاٹ کر کے بمشکل ان سے بنگلے کو خالی کروا کر ایکسین شجاع آباد کو قبضہ دلوایا ۔بنگلہ نمبر 13 میں آٹھ سال قبل ترقی پا کر 2018 میں ملتان سے ٹرانسفر ہونے والے ایس سی عبدالواحد بدستور قابض ہیں اور اسی طرح بنگلہ نمبر 14 میں رانا محمد بن خورشید دو سال قبل ٹرانسفر ہونے کے باوجود قابض ہیں۔ رہائش گاہ نمبر 17 میں افتخار بھٹی سب انجینئر گزشتہ 16 سال سے غیر قانونی قابض ہے حالانکہ سب انجینئر کسی بھی طور پر آفیسرز کالونی میں گریڈ 17 کی رہائش نہیں لے سکتا مگر گزشتہ 16 سال کے دوران کوئی چیف انجینئر افتخار بھٹی سے رہائش گاہ خالی نہیں کرا سکا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں