بہاولپور (سپیشل رپورٹر )بہاولپور صحرائے چولستان میں پراسرار بیماری نے تباہی مچا دی، قیمتی مال مویشی بڑی تعداد میں ہلاک ہونے سے مقامی چرواہوں کو شدید مالی نقصان کا سامنا ہے ذرائع کے مطابق چولستان کے علاقے قلعہ ڈراور کے مغربی ریگستان میں ایک ہی ریوڑ سے تعلق رکھنے والی 170 سے زائد بھیڑیں ہلاک ہو چکی ہیں۔ تفصیل کے مطابق متاثرہ ریوڑ کے مالک لیاقت پرہار کے مطابق اچانک پھیلنے والی بیماری نے چند ہی دنوں میں شدت اختیار کر لی، جس کے نتیجے میں ایک ہی دن میں تقریباً 100 بھیڑیں ہلاک ہوئیں، جبکہ مجموعی طور پر ہلاکتوں کی تعداد 170 سے تجاوز کر چکی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ قیمتی جانوروں کی ہلاکت سے انہیں ایک کروڑ روپے سے زائد کا مالی نقصان برداشت کرنا پڑا ہے چولستانی ذرائع کے مطابق چند ہفتے قبل بھیڑوں میں ماتاں نامی بیماری کی علامات ظاہر ہونا شروع ہوئیں، تاہم بروقت علاج نہ ہونے کے باعث صورتحال بگڑتی چلی گئی۔ آمین پرہار کے مطابق اس وقت بھی ڈیڑھ سو سے زائد جانور بیماری میں مبتلا ہیں اور ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے متاثرین نے الزام عائد کیا ہے کہ لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے خاطر خواہ سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں، جس کے باعث وہ اپنی مدد آپ کے تحت جانوروں کا علاج کرنے پر مجبور ہیں مقامی افراد کا کہنا ہے کہ قلعہ ڈراور کے لائیوسٹاک ہسپتال میں ادویات کی شدید قلت ہے جبکہ ویٹرنری ڈاکٹرز اور موبائل ٹیمیں بھی علاقے کا رخ نہیں کر رہیں ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ محکمہ لائیوسٹاک کو کفایت شعاری پالیسی کے باعث ڈیزل کی محدود فراہمی کا سامنا ہے، جس کے نتیجے میں چولستان جانے والی بیشتر موبائل ڈسپنسریاں بند پڑی ہیں، اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے چرواہے بنیادی سہولیات سے محروم ہیں چولستان کے مکینوں نے صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے فوری نوٹس لینے اور ہنگامی بنیادوں پر ویٹرنری سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے، تاکہ مزید جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔







