بھکر میں مریم نواز کی رٹ چیلنج، مافیا کا ایک ہزار کنال اراضی پر فیضہ، 40 سال کے پٹہ دار بے دخل

ملتان (سٹاف رپورٹر) ایک طرف تو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبہ بھر میں دہائیوں سے ناجائز قابضین کو قبضہ سے بے دخل کرنے اور ان سے قبضہ چھڑوانے کا منظم سلسلہ دیہات میں بھی شروع کر رکھا ہےاور دوسری طرف ضلع بھکر کی انتظامیہ وزیراعلیٰ کے احکامات کے 100 فیصد برعکس بھکر کے مختلف علاقوں میں سال ہا سال کے پٹہ داروں اور الاٹیوں کو بے دخل کرکے ان کی جائیدادوں حتیٰ کے مکانوں پر بھی مافیا کے ذریعے قبضہ کرا رہی ہے ،گزشتہ ہفتے بھکر کی تحصیل منکیرہ کے چک نمبر 5 رکھ منکیرہ میں دس الاٹیوں کی مجموعی طور پر ایک ہزار کنال اراضی پر قبضہ مافیا نے دن دیہاڑے قبضہ کرلیا ۔تعمیرات کو گرا دیا اور گھروں میں موجود خواتین کو بے دخل کر دیا۔ نہ چادرر ہی اور نہ چار دیواری۔ اس ایک ہزار کنال اراضی پر گزشتہ چالیس سال کے پٹہ دار حکومت کو باقاعدگی سے واجبات ادا کر رہے تھے اور بعض لوگوں نے اپنی رہائش گاہیں بھی بنا رکھی تھی ، حیران کن امر یہ ہے کہ انہی 12 لاٹوں میں سے 10 پر تو قبضہ ہوگیا مگر دو لاٹیں چھوڑ دی گئی جن میں سے سو کنال پر مشتمل ایک لاٹ ایک شخص بشیر حسین کی ہے جس کا بیٹا اشتیاق محکمہ مال ہی میں پٹواری ہے جبکہ دوسری لاٹ بھی مقامی بااثر کے ایک سہولت کار کی ہے اور وہ بھی قبضہ سے بچ گئی ،اس سلسلہ میں ایک انتظامی افسر نے متاثرین کو بتایا کہ ان کے علم میں ہے کہ پٹہ داروں کے ساتھ ظلم ہوا ہے مگر میرے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں ،بتایا گیا ہے کہ قبضہ مافیا کا سربراہ ظفر اقبال چنجری ہے اور معلوم ہوا ہے کہ اسلحہ کے زور کے بے دخل ہونے والے خاندان اپنی پٹہ داری کے ریکارڈ کی فائلیں اٹھا کر کمشنر سرگودھا اور ڈی سی بھکر کے دفتر میں دھکے کھا رہے ہیںاور کسی بھی فورم پر ان کی شنوائی نہیں ہورہی ہے ،انہوں نے کمشنر سرگودھا کو بھی فوری مداخلت کی اپیل کی ہے مگر 4 روز گزرنے کے بعد بھی کسی بھی قسم کی داد رسی دیکھنے میں نظر نہیں آ رہی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں