اسلام آباد: سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف ہتک عزت کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ عدالت نے عمران خان کی جانب سے دائر نظر ثانی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔
خیال رہے کہ ٹرائل کورٹ نے پہلے بانی پی ٹی آئی عمران خان کا حقِ دفاع ختم کر دیا تھا، جسے بعد میں سپریم کورٹ نے بھی برقرار رکھا۔ بعد ازاں عمران خان نے اس فیصلے کے خلاف نظر ثانی کی درخواستیں دائر کی تھیں، جن پر آج سماعت ہوئی۔ جسٹس عائشہ ملک کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی اور بعد ازاں فیصلہ محفوظ کر لیا۔
سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل علی ظفر نے عدالت کو بتایا کہ دعویدار کی درخواست کے بغیر حقِ دفاع ختم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مارچ 2022 میں اعتراضات دائر کیے گئے تھے، جو اکتوبر 2022 میں ٹرائل کورٹ نے مسترد کر دیے۔ ٹرائل کورٹ نے زائد المیعاد کی بنیاد پر حقِ دفاع ختم کیا تھا۔ وکیل علی ظفر نے عدالت سے درخواست کی کہ ٹرائل کورٹ کو حقِ دفاع دوبارہ بحال کرنے کا حکم دیا جائے، جبکہ شہباز شریف کے وکیل نے اس کی مخالفت کی۔







