پنجاب میں قبضہ مافیا کے متاثرین کو جائیداد کے کیسز میں مفت قانونی امداد فراہم کرنے کا فیصلہ

صوبہ پنجاب میں قبضہ مافیا کے متاثرین کے لیے ایک اہم قانونی سہولت متعارف کرا دی گئی ہے، جس کے تحت جائیداد سے متعلق کیسز میں متاثرہ افراد کو مفت قانونی امداد فراہم کی جائے گی۔
حکومت کی جانب سے Punjab Legal Aid Amendment Ordinance 2026 پنجاب اسمبلی میں پیش کیا گیا، جس کے تحت Punjab Legal Aid Act 2018 میں اہم ترامیم کی گئی ہیں۔ نئی شقوں کے مطابق وہ افراد جو Immovable Property Ownership Protection Act 2025 کے تحت شکایت درج کروائیں گے، انہیں سرکاری سطح پر مفت وکیل فراہم کیا جائے گا۔
آرڈیننس کے تحت ایسے افراد جو اپنی جائیداد سے زبردستی بے دخل کیے گئے ہوں، انہیں ٹربیونل میں بھی مفت قانونی نمائندگی کا حق حاصل ہوگا۔ اس سے قبل یہ سہولت صرف گھریلو جائیداد کے تنازعات تک محدود تھی، تاہم اب اس کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا ہے۔
حکومتی دستاویزات کے مطابق بے دخل یا محروم افراد کو مکمل قانونی طریقہ کار کے تحت انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، جبکہ لیگل ایڈ ایجنسی کے ذریعے انہیں ہر ممکن قانونی معاونت فراہم کی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ ترامیم معاشرے میں انصاف کی مساوی فراہمی کے لیے نہایت اہم قدم ہیں۔
واضح رہے کہ گورنر پنجاب اس آرڈیننس کی منظوری 31 مارچ 2026 کو دے چکے ہیں، جبکہ اسے مزید غور و خوض کے لیے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے، جو دو ماہ میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ کمیٹی کی سفارشات کے بعد آرڈیننس کو اسمبلی سے منظوری دے کر باقاعدہ قانون کی شکل دی جائے گی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں