ملتان (سٹاف رپورٹر) ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ملک بھر کی جامعات اور طلبہ کے لیے ایک نہایت اہم اور بروقت ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ غیر منظور شدہ تعلیمی پروگرامز میں داخلہ لینے والے طلبہ کو مستقبل میں اپنی ڈگری کی تصدیق (Attestation) سے محرومی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ کمیشن کی جانب سے 29 مارچ 2026 کو جاری اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان کوالیفیکیشن رجسٹر (PQR) ملک میں تمام تسلیم شدہ تعلیمی پروگرامز کا واحد مستند ڈیٹا بیس ہےجس میں ہر پروگرام کو قومی تعلیمی فریم ورک نیشنل کوالیفیکیشن فریم ورک (NQF) کے مطابق درجہ بندی اور اس کی موجودہ حیثیت (فعال، معطل یا بند) کے ساتھ درج کیا جاتا ہے۔ اعلامیے میں انکشاف کیا گیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ملک بھر کی جامعات کے فوکل پرسنز کو خصوصی تربیت دی گئی تاکہ تعلیمی پروگرامز کے ڈیٹا کو مزید شفاف اور درست بنایا جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی کمیشن نے ایم ایس/ایم فل (لیول 7) اور پی ایچ ڈی (لیول 8) کے فعال پروگرامز کی تازہ فہرست بھی جاری کر دی ہےجو طلبہ کے لیے رہنمائی کا اہم ذریعہ قرار دی جا رہی ہے۔ ایچ ای سی نے طلبہ کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ کسی بھی پروگرام میں داخلہ لینے سے قبل اس کی حیثیت لازمی طور پر PQR میں چیک کریں۔ اعلامیے کے مطابق ایسے پروگرامز جو اس رجسٹر میں شامل نہیں، ان میں داخلہ لینے کی صورت میں ڈگری کی تصدیق ممکن نہیں ہوگی، جس سے طلبہ کا تعلیمی اور پیشہ ورانہ مستقبل داؤ پر لگ سکتا ہے۔ دوسری جانب جامعات کی انتظامیہ کو بھی فوری اقدامات کی ہدایت جاری کی گئی ہے، جن میں اس ایڈوائزری کو تمام ڈیپارٹمنٹس تک پہنچانا، یونیورسٹی ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نمایاں انداز میں شائع کرنا اور طلبہ کو مکمل آگاہی فراہم کرنا شامل ہے۔ ماہرین تعلیم کے مطابق یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک میں غیر منظور شدہ اور مشکوک تعلیمی پروگرامز کے حوالے سے خدشات بڑھ رہے ہیں۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ PQR ہی پروگرام کی منظوری اور ڈگری کی تصدیق کا واحد مستند ذریعہ ہے اور اس پر عملدرآمد میں کسی قسم کی غفلت ناقابل برداشت ہوگی۔ کمیشن نے یونیورسٹی قیادت سے فوری عملدرآمد کی توقع ظاہر کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ شفاف، معیاری اور عالمی معیار کے مطابق تعلیمی نظام کی تشکیل کے لیے یہ اقدامات ناگزیر ہیں۔







