ڈیرہ غازی خان(ڈپٹی بیورو چیف) فورٹ منرو اور گردونواح میں حالیہ شدید ژالہ باری نے مقامی مالداروں کو سخت مالی نقصان سے دوچار کر دیا۔ موسلا دھار بارش کے ساتھ پڑنے والے بڑے سائز کے اولوں نے سینکڑوں مویشی ہلاک اور زخمی کر دیے، جس سے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے تفصیلات کے مطابق ژالہ باری کے باعث مختلف دیہات میں مال مویشیوں کا بڑا نقصان ہوا۔ متاثرین میں نظام دین بجرانی کی 41 بھیڑیں، منظور ولیدانی کی 24 بھیڑیں، سہجا علیانی کی 7 بکریاں، گل دین بجرانی کی 6 بھیڑیں، عظیم خان گورچانی کی 5 بکریاں جبکہ رسول بخش گورچانی کی 12 بھیڑ بکریاں ہلاک ہو گئیں۔ اس کے علاوہ متعدد گائیں بھی ژالہ باری کی زد میں آ کر ہلاک یا شدید زخمی ہوئیں، تاہم ان کی مکمل تعداد کا تعین تاحال جاری ہے۔مقامی افراد کے مطابق اچانک ہونے والی اس شدید موسمی صورتحال نے انہیں سنبھلنے کا موقع نہیں دیا، اور دیکھتے ہی دیکھتے ان کا قیمتی مال تباہ ہو گیا۔ متاثرہ مالداروں نے بتایا کہ ان کا روزگار مکمل طور پر مویشیوں پر منحصر ہےاور اس نقصان نے انہیں شدید مالی بحران میں مبتلا کر دیا ہے۔علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ سے فوری امداد اور نقصانات کے ازالے کا مطالبہ کیا ہے۔







