پیٹرول کی قیمت میں 80 روپے کمی، وزیراعظم شہباز شریف کا اعلان

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول کی قیمت میں لیوی کی مد میں 80 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کرتے ہوئے نئی قیمت فی لیٹر 378 روپے مقرر کر دی ہے، جو آج رات 12 بجے سے نافذ العمل ہوگی۔
اپنے قوم سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ خلیج میں جاری تنازع کے باعث عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں غیر معمولی حد تک بڑھ گئی ہیں، جس نے پاکستان کے عوام پر مہنگائی کے نئے چیلنج کھڑے کر دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عام شہری، کسان اور مزدور اس مہنگائی کے طوفان سے براہ راست متاثر ہو رہے ہیں، اسی لیے حکومت نے اپنی محدود قومی وسائل سے عوام کی مدد کرنے کے اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پچھلے تین ہفتوں میں عوام پر ہر روز تیل کی قیمت بڑھانے کا بوجھ ڈالنا مناسب نہیں سمجھا گیا، اسی لیے قومی وسائل سے 129 ارب روپے خرچ کر کے عوام کو فوری مہنگائی کے اثرات سے بچایا گیا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کی حکومت، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر امن قائم کرنے کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں تاکہ جنگ کے شعلے جلد ختم ہوں۔
وزیراعظم نے بتایا کہ کل ہونے والی قومی مشاورت میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم اور گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ سمیت وفاقی وزرا نے بھرپور شرکت کی، جس کے بعد جامع اقدامات کا اعلان کیا گیا۔
ان اقدامات کے تحت موٹر بائیک کے لیے ایک لیٹر پر 100 روپے سبسڈی، گڈز اور پبلک ٹرانسپورٹ میں مال بردار گاڑیوں کو 100 روپے فی لیٹر سبسڈی، چھوٹے ٹرکوں کے لیے 70 ہزار روپے، بڑے ٹرکوں کے لیے 80 ہزار روپے اور بسوں کے لیے ایک لاکھ روپے ماہانہ سبسڈی فراہم کی جائے گی۔
وزیراعظم نے چھوٹے کسانوں کے لیے 1500 روپے فی ایکڑ امداد کا بھی اعلان کیا اور پاکستان ریلوے کے اکانومی کلاس کرایوں میں کوئی اضافہ نہ کرنے کی ہدایت دی۔ یہ اقدامات گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر پر بھی نافذ ہوں گے، جبکہ وفاقی حکومت وسائل فراہم کرے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ کمی کم از کم ایک ماہ کے لیے ہوگی اور پورے ملک میں لاگو ہوگی۔ انہوں نے اپنے کابینہ کے وزرا کی دو ماہ کی تنخواہوں کو بڑھا کر 6 ماہ کرنے کا بھی اعلان کیا۔
آخر میں وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کے فضل سے بہت جلد پاکستان ترقی، خوشحالی اور غربت کے خاتمے کی راہ پر گامزن ہوگا۔
پیٹرولیم ڈویژن نے بعد ازاں پیٹرول کی قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول کی نئی قیمت فی لیٹر 378 روپے 41 پیسے ہوگی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں