ڈیرہ غازی خان (ڈسٹرکٹ رپورٹر )معروف سیاحتی مقام فورٹ منرو میں گزشتہ روز اچانک ہونے والی شدید ژالہ باری نے موسم کا منظرنامہ یکسر بدل دیا۔ کوہِ سلیمان کے پہاڑی سلسلے میں واقع اس خوبصورت مقام پر ژالہ باری اس قدر شدت اختیار کر گئی کہ پورا علاقہ برفباری کا منظر پیش کرنے لگا اور پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔ دور دور تک پھیلی سفیدی نے علاقے کے حسن کو مزید دوبالا کر دیا۔مقامی افراد کے مطابق ژالہ باری کا سلسلہ کچھ دیر تک وقفے وقفے سے جاری رہا، جس کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں۔ موسم کی اس اچانک تبدیلی نے نہ صرف گرمی کی شدت کو کم کیا بلکہ ماحول کو خوشگوار بنا دیا۔ شہریوں نے اس غیر معمولی موسمی تبدیلی کو سراہا اور اسے قدرت کا حسین منظر قرار دیا فورٹ منرو میں موجود سیاحوں نے بھی اس دلکش منظر کو اپنے کیمروں میں محفوظ کیا اور سوشل میڈیا پر تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیںجو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئیں۔ کئی افراد نے اسے برفباری سے مشابہ قرار دیا، حالانکہ یہ ژالہ باری تھی۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند دنوں کے دوران خطے میں موسم معتدل رہنے کا امکان ہے، تاہم کہیں کہیں مزید بارش اور ژالہ باری بھی متوقع ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں اور سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں سفر کے دوران محتاط رہنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔فورٹ منرو کی یہ خوبصورتی ایک بار پھر سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے، اور توقع کی جا رہی ہے کہ آنے والے دنوں میں یہاں سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔







