خان گڑھ: دو نمبر آئل مافیا ڈان کا پمپ سیل، اوگرا نے رشوت اور ایم پی ایز کا دباؤ ٹھکرا دیا

خان گڑھ (سٹی رپورٹر ) ضلع مظفرگڑھ کے دونمبر آئل مافیا کے ڈان رانا اشتیاق کے پٹرول پمپ رانا فلنگ سٹیشن اور مکسنگ سٹور سے پٹرول اور ڈیزل کے نمونے ضلعی حکومت اور اوگرا نے ایچ ڈ ی آئی پی لیب میں روانہ کیے جہاں وہ فیل ہوگئے ۔سالونٹ آئل اور میتھائل سےدو نمبر پٹرول اور ڈیزل تیار کرکے جنوبی پنجاب کے پمپوں اور آئل ایجنسیوں پر سپلائی کرکے کروڑوں روپے کا ماہانہ دھندا کرکے لوگوں کی گاڑیاں برباد کیے جانے کا معاملہ سچ ثابت ہوگیا۔ اوگرا اور ضلعی حکومت کے افسران نے بے پناہ دباؤ کے باوجود 18 روز سے سیل شدہ آئل مافیا کے ڈان کے پٹرول پمپ کو ڈی سیل کرنے سے صاف انکار کردیا ۔آئل مافیا کی سفارشیں، بھاری رشوت کی پیشکش بھی ٹھکرا دی گئی۔ دو حکومتی ایم پی ایز کی طرف سے پٹرول پمپ کو ڈی سیل کرنے کیلئے دباؤ ڈالنے پر افسران نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو انکے خلاف تحریری شکایت کردی جس پر ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کی طرف سے دونوں ایم پی ایز کو سخت پیغام دیئے جانے کی اطلاعات ہیں ۔واضح رہے کہ اوگرا افسران نے شکایت پر ضلع مظفرگڑھ کے علاقے آڑا سٹاپ کیساتھ واقع دو نمبر آئل مافیا کے ڈان رانا اشتیاق کے پٹرول پمپ اور اسکے ساتھ ملحق دو نمبرپٹرول اور ڈیزل تیار کرنے والے پلانٹ پر اچانک چھاپہ مارا تھا اور پلانٹ سمیت پٹرول پمپ کو بھی سیل کردیا تھا ۔ذرائع کے مطابق دو نمبر آئل مافیا ڈان رانا اشتیاق نے اوگرا افسران کو خریدنے اور کارروائی رکوانے کیلئے انہیں بھاری رقم کی آفر کی تھی جسے اوگرا کے ایماندار اور فرض شناس افسران نے ٹھکرا دیا تھا۔ حلقہ کی عوام نے دو نمبر آئل مائل کے بڑے ڈان کا نیٹ ورک توڑنے اور اسے کیفر کردار تلک پہنچانے کیلئے بھرپور کردار ادا کر نے پر اوگرا کے ایماندار اور فرض شناسی افسران کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں