پنجاب میں گوبر ٹیکس عائد، 30 روپے روزانہ، 168 گوالہ کالونیوں میں 50 لاکھ بھینسیں

ملتان،لاہور (قوم نیوز،بیورورپورٹ) پنجاب حکومت نے ملتان سمیت صوبہ بھر میں گوبر ٹیکس لگانے کی تیاری کرلی ۔ پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور ،ملتان سمیت صوبہ بھر میں بھینسوں کے گوبر پر ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہےجس کے تحت فی بھینس 30روپے روزانہ گوبر ٹیکس وصولی کی جائے گی۔ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت گوبر سے بائیو گیس تیار کی جائے گی۔ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صوبہ بھر کی 168 گوالہ کالونیز سے ٹیکس وصولی کی جائے گی، گوالہ کالونیز میں موجود بھینسوں کے فضلے کی صفائی اور کولیکشن پر فیس وصولی کی جائے گی۔بتایا گیا ہے کہ گوالہ کالونیز میں50 لاکھ بھینسیں موجود ہیں جہاں سے ٹیکس وصولی کے علاوہ اس گوبر سے بائیو گیس بھی تیار کی جائے گی، ابتدائی طور پر لاہور کی دو گوالہ کالونیوں پر ٹیکس وصولی کا فارمولہ طے ہوچکا ہےجس کے تحت ہربنس پورہ اور گجر پورہ گوالہ کالونیوں پر فی بھینس گوبر فیس وصولی کی جائے گی، گوالوں نے گوبر ٹیکس دینے پر آمادگی بھی ظاہر کر دی ہے جس کی تصدیق وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی جانب سے کردی گئی ہے، اس سلسلے میں ان کا کہنا ہے کہ گوالہ کالونیوں سے گوبر کلیکشن کی مد میں فیس وصولی کی جائے گی۔یاد رہے کہ پنجاب حکومت اس سے پہلے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت گھروں سے کوڑا اٹھانے اور صفائی کی مد میں بھی ٹیکس وصولی شروع کرچکی ہے، 3 مرلہ کے گھروں پر کوڑا ٹیکس عائد نہیں ، 5 مرلے سے 2 کنال والا گھریلو صارف 300 سے 2 ہزار روپے صفائی بل دے گا ، کمرشل کیلئے اربن ریٹ 500 روپے سے 2 ہزار روپے مقرر ہے، پروگرام کے تحت دیہی گھریلو صارف کو بھی 200 سے 400 روپے صفائی بل دینا ہو گا ، دیہی کمرشل صارف 300 سے ایک ہزار روپے تک صفائی بل دے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں