ملتان ( خصوصی رپورٹر،وقائع نگار) محکمہ صحت لودھراں میں ادویات خورد برد کیس میں اہم پیش رفت ، اینٹی کرپشن نے ملزمان سے ہزاروں سیرپ اور کیپسول برآمد کرلئے، مزید برآمدگیوں کا بھی جلد امکان ہے، ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب، سہیل ظفر چٹھہ کی ہدایات پر ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ملتان بشارت نبی کی نگرانی میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے اہم کارروائی کی جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر انویسٹیگیشن لودھراں، عمران عارف سیال اور سرکل آفیسر سید علی حسن گیلانی نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر لودھراں کے دفتر پر چھاپہ مارا اور گورنمنٹ ہسپتال لودھراں میں ادویات کی مد میں بڑے پیمانے پر خوردبرد کا انکشاف ہوا۔ اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 03/26 درج کر کے ملزمان محمد منہاس، محمد رمضان (جونیئر اکاؤنٹنٹ، ڈی ایچ او آفس لودھراں، کاشف سٹور کیپر،سلمان سعید اور عدنان سعید کو گرفتار کیا تھا، تفتیش کے دوران ملزمان کے قبضے سے بڑی مقدار میں سرکاری ادویات بھی برآمد کر لی گئی ہیں جن میں 32000 ہزار ایماکسل ( Amoxil ) کیپسول 500mg اور پانچ ہزار کال پول سیرپ شامل ہیں ۔مزمان کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہیں۔ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب اور حکومتِ پنجاب کی زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ملتان کا کہنا ہے کہ جہاں بھی کرپشن ہوگی، وہاں بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور کرپٹ عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کی جانب سے کرپشن کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں۔







