مزید ریلیف فراہمی کیلئے کوشاں ہیں، مشکل کی گھڑی میں کمزور طبقے کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خلیجی بحران کے پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات پر ممکنہ اثرات، موجودہ ذخائر اور عوامی ریلیف کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ہدایت دی کہ کمزور اور متوسط طبقے کو مزید سہولتیں فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات تیز کیے جائیں اور موجودہ مشکل حالات میں معاشی طور پر کمزور افراد کو تنہا نہ چھوڑا جائے۔
حکام کی جانب سے اجلاس کو ایندھن کی بچت کیلئے کیے گئے اقدامات، ان پر عملدرآمد کی صورتحال، مستقبل کی حکمت عملی اور ملک میں دستیاب تیل کے ذخائر پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر موٹر سائیکل اور رکشہ مالکان کی رجسٹریشن کا عمل جلد مکمل کرنے کیلئے مربوط کوششیں جاری ہیں تاکہ انہیں ممکنہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
اجلاس میں وزیراعظم کی سادگی اور بچت مہم پر پیش رفت کے حوالے سے انٹیلی جنس بیورو کی آڈٹ رپورٹ بھی پیش کی گئی، جس میں اقدامات پر عملدرآمد کو تسلی بخش قرار دیا گیا۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بھی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ اشرافیہ کی بڑی گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ہائی آکٹین ایندھن پر لیوی بڑھانے کے باوجود جیٹ فیول کی قیمتوں پر کوئی اثر نہیں پڑا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومتی اخراجات میں کمی کیلئے سخت فیصلے کیے گئے ہیں، جن میں ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی اور 60 فیصد سرکاری گاڑیوں کو فوری بند کرنا شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کی تجاویز کو متعدد بار مسترد کیا گیا اور بچت سے حاصل ہونے والی رقم عوامی ریلیف پر خرچ کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ریلیف اقدامات کو براہ راست عام آدمی تک پہنچایا جائے گا، جبکہ عالمی سطح پر بحران کے باوجود بروقت فیصلوں کی بدولت ملک میں ایندھن کی فراہمی میں کوئی خلل نہیں آنے دیا گیا۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ Ishaq Dar، وفاقی وزراء اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جہاں آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں