بی ایم پی راجنپور میں پروموشن کیس، شفاف انکوائری، جعلی آرڈرکینسل

ڈیرہ غازیخان (کرائم سیل رپورٹ)بارڈر ملٹری پولیس راجنپور میں جعلی پروموشن کا معاملہ، ڈپٹی کمشنر راجن پور عمران حسین رانجھا کی شفاف انکوائری، جعلی پروموشن آرڈر کینسل تفصیلات کے مطابق سابق کمانڈنٹ پر الزام ہے کہ انہوں نے کروڑوں روپے کی رشوت لے کر جونیئر ملازمین کو غیر قانونی ترقیاں دے دیں، اور یہ سلسلہ محکمانہ مال و اسباب کی خرد برد کا پردہ ڈالنے کے لیے بھی تھا۔ چند بہادر ملازمین نے اس خلاف ورزی کے خلاف درخواست دی تھی، جس کا فیصلہ گزشتہ روزسنا دیا گیا اور جعلی پروموشن والے تمام ملازمین کے آرڈر فوری طور پر کینسل کر دیے گئے۔ اس فیصلے کے بعد متاثرہ اور بے انصافی کا شکار ہونے والے ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، اور انہوں نے ڈسٹرکٹ آفیسر راجنپور عمران رانجھا کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ان کا مسئلہ سنا اور انصاف دلوانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ساتھ ہی کمانڈنٹ بی ایم پی ناصر شہزاد ڈوگر کو بھی سراہا گیا، جنہوں نے انتہائی ایمانداری کے ساتھ انکوائری رپورٹ پیش کی، چھوٹے درجے کے ملازمین کی عزت بحال کی اور جن ملازمین کا حق تھا، انہیں ان کا حق واپس دلایا۔ تاہم اس فیصلے کے بعد ملازمین کا غصہ سابق کمانڈنٹ پر برقرار ہے اور انہوں نے شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سابق کمانڈنٹ نے محکمے کو ذاتی جاگیر بنا رکھا تھا جہاں ایمانداری کی کوئی قدر نہیں تھی، رشوت کے ذریعے نااہلوں کو ترقی دینا اور مستحق ملازمین کو نظرانداز کرنا محکمانہ قتلِ عدل کے سوا کچھ نہیں، یہ صرف پروموشن کا نہیں بلکہ محکمانہ اعتبار کو تباہ کرنے کا سازشی منصوبہ تھا، اور سابق کمانڈنٹ نے اپنے عہدے کا ناجائز فائدہ اٹھا کر ٹھگے بازوں جیسی ذہنیت کا مظاہرہ کیا۔ ملازمین نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے بدعنوان افسر کو صرف معطل کرنا کافی نہیں، بلکہ ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے اور کروڑوں روپے کی رشوت اور خرد برد کی آزادانہ انکوائری ہونی چاہیے، کیونکہ جب تک سابق کمانڈنٹ کو سبق آموز سزا نہیں ملتی، محکمے میں کرپشن ختم نہیں ہوگی۔ ملازمین نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ کیا رشوت لے کر پروموشن دینا غلامی کی علامت نہیں، اور کیا اس طرح کے افسر کے خلاف کارروائی کے لیے انہیں برسوں احتجاج کرنا پڑے گا۔ یہ بھی خبر ہے کہ متاثرہ ملازمین نے آئندہ بھی احتجاج جاری رکھنے اور سابق کمانڈنٹ کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی دھمکی دی ہے۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ اصل انصاف تب ہوگا جب سابق کمانڈنٹ کو بھی اسی طرح کی سخت سے سخت سزا دی جائے جس طرح انہوں نے محکمے کے ساتھ زیادتی کی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں