بہاولپور (سپیشل رپورٹر ) بہاولپور میں خواجہ سراؤں کی کو نشہ آور کیپسول فراہم کرنے میں بعض میڈیکل سٹور کے ملوث ہونے کا انکشاف ہواہے۔ بہاولپور شہر میں بڑھتے ہوئے ہراسانی کے واقعات نے ایک نیا اور تشویشناک رخ اختیار کر لیا ہے،بعض خواجہ سراؤں کی سرگرمیوں کے ساتھ ایک منظم نیٹ ورک کے ملوث ہونے کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔ ان انکشافات نے شہریوں میں خوف و بے چینی کی لہر دوڑا دی ہے۔تفصیل کے مطابق چند خواجہ سرا مبینہ طور پر نشہ آور کیپسول کے استعمال کے بعد سڑکوں پر نکلتے ہیں اور شہریوں، خصوصاً شریف خاندانوں کو نشانہ بنا کر ان سے زبردستی رقم طلب کرتے ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ رقم نہ دینے کی صورت میں شہریوں کو سرِعام ہراساں اور بے عزت کیا جاتا ہے اہم انکشاف یہ سامنے آیا ہے کہ بعض میڈیکل سٹورز مبینہ طور پر ان افراد کو نشہ آور کیپسول فراہم کر رہے ہیںجس کے بعد یہ افراد غیر معمولی اور جارحانہ رویہ اختیار کرتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر اس سپلائی چین کو نہ روکا گیا تو ایسے واقعات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے مقامی افراد نے اس صورتحال کو انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولپور سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ نہ صرف ہراسانی میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے بلکہ ان میڈیکل سٹورز کی بھی مکمل تحقیقات کی جائیں جو مبینہ طور پر نشہ آور ادویات فراہم کر رہے ہیں عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس پورے نیٹ ورک کو بے نقاب کر کے ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، تاکہ شہر میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے اور شہری خود کو محفوظ محسوس کر سکیں۔







