تازہ ترین

جیٹ فیول مہنگا، پروازوں پر 150 ڈالر تک سرچارج، فضائی ٹکٹ آسمان کو چھو گئے، ریٹ ڈبل

اسلام آباد،کراچی(بیورورپورٹ،سٹا ف رپورٹر) جیٹ فیول مہنگا ہونےپرپروازوں پر150 ڈالر تک سرچارج عائدکردیاگیا، فضائی ٹکٹ آسمان کو چھو گئے،ریٹ ڈبل ہوگئے۔تفصیل کےمطابق جیٹ فیول کی قیمت میں غیر معمولی اضافے کے باعث ملکی اور بین الاقوامی ایئرلائنز نے کرایوں میں اضافہ کرنا شروع کر دیا۔جیٹ فیول 176 روپے سے بڑھ کر 417 روپے فی لیٹر تک جا پہنچا، جیٹ فیول کی قیمتوں میں اضافے سے فضائی سفر مزید مہنگا ہونے کا خدشہ ہے۔ایئرلائنز حکام کے مطابق فیول کی بڑھتی قیمت کے بوجھ کو ٹکٹس میں منتقل کرنا ناگزیر ہے جس کی وجہ سے ایئرلائنز نے کرایوں میں 100 فیصد تک اضافے کا عندیہ دیا ہے۔پی آئی اے نے لوکل پروازوں پر 10 ڈالر فیول سرچارج نافذ کیا ہے جبکہ کینیڈا کے روٹس پر یہ اضافی چارج 100 ڈالر تک ہے۔برطانیہ جانے والی پروازوں پر 75 ڈالر جبکہ سعودی عرب اور گلف کے روٹس پر 50 ڈالر تک سرچارج لگایا گیا ہے۔نجی ایئرلائنز نے بھی 15 سے 150 ڈالر تک اضافی چارجز نافذ کر دیئے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ خلیجی فضائی حدود کی بندش اور فیول کی بڑھتی قیمتوں کی وجہ سے کرایوں میں غیر معمولی اضافہ ناگزیر ہے۔ایئرلائنز کے مطابق اس اضافے کا مقصد صرف فیول کے اضافے کا بوجھ برداشت کرنا ہےجبکہ مستقبل میں اگر فیول کی قیمت میں کمی ہوئی تو کرایوں میں بھی مناسب کمی کی جا سکتی ہے۔دوسری جانب وزیر خارجہ کو بریفنگ میں حکام نے بتایا ہے کہ ملک میںپٹرولیم مصنوعات کے ذخائر اپریل کے بعد تک کی ضروریات کے لیے کافی ہیں۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر کا جائزہ لینے اور تیاریوں کو پرکھنے کے لیے اہم اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس کے دوران اسحاق ڈار کو بریفنگ دی گئی کہ ملک میں اس وقت پٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں جو اپریل اور اس کے بعد کے مہینوں کی ملکی طلب کو پورا کرنے کے لیے کافی ہیں۔نائب وزیراعظم نے موجودہ سپلائی پوزیشن پر اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ وزارتوں اور تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ باہمی رابطہ کاری کو مضبوط بنائیں اور بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتوں کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی وافر مقدار میں سپلائی کو محفوظ بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ادھر پاکستان آنے والی تمام غیر ملکی ائیرلائنز کو واپسی کا فیول ساتھ لانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔پاکستان ا یرپورٹس اتھارٹی نے ایندھن پالیسی سے متعلق نوٹم جاری کردیا۔ایئرلائن ذرائع کے مطابق بدھ کے روز کراچی سے دوحہ کے لیے غیر ملکی ا یئرلائنز کے طیارے کو ایندھن کے لیے مسقط میں اترنا پڑا۔ اضافی ایندھن لانے کی وجہ سے غیر ملکی ایئرلائنز مسافروں کا سامان اور کارگو چھوڑ رہی ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں