تلمبہ ویڈیو سکینڈل کے مرکزی کردارایاز سہو کو سی سی ڈی نے گرفتار کر لیا

خانیوال (کرائم سیل)تلمبہ ویڈیو سکینڈل کے مرکزی کردارایاز سہو کو ضمانت پر رہا ہونے کے بعد سی سی ڈی نے گرفتار کر لیا۔ سی سی ڈی حکام کے مطابق ملزم کے خلاف مزید مقدمات اور انکوائریز زیر التوا ہیں جن کے لیے اس کی گرفتاری ضروری تھی۔واضح رہے کہ ایاز سہو پر تلمبہ کے علاقے میں خواتین اور لڑکیوں کو ملازمت کے جھانسے دے کر جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے اور ان کی فحش ویڈیوز بنانے کا الزام ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم نے صحافی بن کر خواتین سے رابطہ کیا اور انہیں نوکری کا جھانسہ دے کر اپنے جال میں پھنسایا۔پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کے قبضے سے موبائل فون اور لیپ ٹاپ برآمد کیا گیا تھا جس میں درجنوں ویڈیوز ملیں۔ ابتدائی تفتیش میں یہ بھی سامنے آیا کہ ملزم نے متعدد خواتین کو ان کی ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل کرکے بھاری رقوم بھی وصول کیں۔ایک متاثرہ خاتون کو ملزم نے چار سال تک جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد بلیک میل کرتے ہوئے اس سے رقم بھی وصول کی۔ متاثرہ خاتون کی شکایت پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ اس سے قبل تلمبہ پولیس نے ایاز سہو کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ عدالت نے ملزم کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا تھا جس کے بعد اسے جوڈیشل ریمانڈ بھیجا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق ملزم کے قبضے سے برآمد ہونے والے ڈیجیٹل شواہد میں متعدد خواتین کی ویڈیوز شامل تھیں جو فارنزک لیبارٹری میں جانچ کے لیے بھیجی گئی تھیں۔ فارنزک رپورٹ میں ان ویڈیوز کی تصدیق ہونے کے بعد ملزم کے خلاف مقدمہ مزید مضبوط ہوا تھا۔تلمبہ ویڈیو سکینڈل نے پورے علاقے میں سنسنی پھیلا دی تھی۔ اس کیس میں ایاز سہو کے علاوہ دیگر ساتھیوں کے ملوث ہونے کا بھی شبہ ہے جس کی تحقیقات جاری ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں