اڈالاڑ: فیصل آباد سے آئے 40 زائرین فوڈ پوائزنگ کا شکار، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

ملتان،اڈالاڑ (نمائندہ قوم) شجاعباد روڈ پر کوٹ سرور شہید دربار کے قریب زائرین میں کھیر کھانے کے باعث مبینہ طور پر فوڈ پوائزننگ کا واقعہ پیش آیا- جس کے نتیجے میں 40 سے زائد افراد کی حالت غیر ہو گئی۔ریسکیو ذرائع کے مطابق فیصل آباد سے آنے والے قافلے میں شامل زائرین نے کھیر کھانے کے بعد اچانک پیٹ میں شدید درد، متلی اور الٹی کی شکایات شروع کر دیں، جس پر فوری طور پر ایمرجنسی صورتحال پیدا ہو گئی۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کے کنٹرول روم نے قریبی ٹیموں کو جائے وقوعہ پر روانہ کیا، جہاں چار ایمبولینسز نے فوری رسپانس دیتے ہوئے امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ ریسکیو عملے نے متاثرہ افراد کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ریسکیو حکام کے مطابق 31 متاثرہ مریضوں کو نشتر 2 ہسپتال اور ڈی ایچ کیو مظفرگڑھ روڈ منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر متاثرین کو بھی مرحلہ وار قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق بعض مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، تاہم ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر کے طبی عملہ الرٹ کر دیا گیا ہے۔واقعے کے بعد متعلقہ اداروں کی جانب سے کھیر کے نمونے حاصل کر کے جانچ کے لیے لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں تاکہ فوڈ پوائزننگ کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے کھانے پینے کی اشیاء کی سخت نگرانی اور ذمہ دار عناصر کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں