عید پر خوفناک ٹریفک حادثات، سڑکیں خون سے رنگین، 9 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

عارف والا،جتوئی( نمائندہ قوم،کرائم رپورٹر) عارف والااورجتوئی میں عیدپرخوفناک ٹریفک حادثات میں 9افرادجاںبحق ،متعددزخمی ہوگئے۔ عارف والامیںاڈا محمد نگر کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں مسافر بس اور ویگن کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ دونوں گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں اور کئی مسافر ملبے تلے دب گئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور ممکنہ غفلت کے باعث پیش آیا۔جتوئی سےکرائم رپورٹر کےمطابق عید کے روز تفریح کی غرض سے ہیڈ پنجند جانے والے دو تیز رفتار موٹر سائیکلوں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں تین افراد موقع پر جاں بحق جبکہ تین شدید زخمی ہو گئے۔حادثہ اس وقت پیش آیا جب دونوں موٹر سائیکل سوار تیز رفتاری کے باعث آپس میں ٹکرا گئے۔ تصادم اس قدر شدید تھا کہ دو افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ تین زخمیوں کو تشویشناک حالت میں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔عید کے خوشیوں بھرے دن یہ افسوسناک واقعہ پیش آنے پر جاں بحق افراد کے گھروں میں کہرام مچ گیا جبکہ پورے علاقے کی فضا سوگوار ہو گئی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں