ایم ایم عالم: 1965 کی جنگ کا وہ ہیرو جس نے 5 بھارتی طیارے ایک منٹ میں مار گرائے”

کراچی: پاک فضائیہ کے عظیم ہیرو ایم ایم عالم کی 13ویں برسی آج عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔
قوم آج اپنے جری سپوت کو یاد کر رہی ہے، جنہوں نے 1965 کی پاک-بھارت جنگ میں ایک غیر معمولی کارنامہ انجام دے کر تاریخ رقم کی۔
رپورٹس کے مطابق، جنگ ستمبر 1965 کے دوران سرگودھا کے محاذ پر ایم ایم عالم نے دشمن کے 5 بھارتی ہنٹر طیارے ایک منٹ سے بھی کم وقت میں مار گرائے، جن میں سے 4 طیارے صرف 30 سیکنڈ کے اندر تباہ ہوئے۔ یہ کارنامہ آج بھی عالمی سطح پر جنگی ہوابازی کی تاریخ میں منفرد ریکارڈ کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے۔
اس مشن کے دوران وہ ایف 86 سیبر طیارہ اُڑا رہے تھے۔ جنگ کے دوران مجموعی طور پر انہوں نے 11 دشمن طیاروں کو نشانہ بنایا، جن میں سے 9 مکمل تباہ اور 2 کو جزوی نقصان پہنچا۔ ان کی شاندار کامیابی کے اعتراف میں ان کے طیارے پر 11 بھارتی پرچم نمایاں کیے گئے تھے۔
ایم ایم عالم کی کامیابی میں ان کی پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ساتھ وطن سے بے پناہ محبت اور جذبۂ حب الوطنی اہم کردار ادا کر رہا تھا، جس نے ناممکن کو ممکن بنا دیا۔
ان کی جرات اور بہادری کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انہیں ملک کے تیسرے بڑے فوجی اعزاز ستارۂ جرأت سے نوازا۔
ایم ایم عالم 18 مارچ 2013 کو طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے اور انہیں پی اے ایف بیس مسرور (ماڑی پور) کے شہداء قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔
آج ان کی برسی کے موقع پر ملک بھر میں مختلف تقاریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جہاں انہیں ایک عظیم قومی ہیرو کے طور پر یاد کیا جا رہا ہے، جن کا نام ہمیشہ سنہری حروف میں محفوظ رہے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں