بہاولپور(لیڈی رپورٹر) اربوں روپے کے ترقیاتی اہم ترین پراجیکٹس کے ٹینڈرز 22 فیصد کم ریٹس پرجانے کا انکشاف ،کوالٹی متاثر ہونے کے شدید خدشات ہیں۔ تفصیلات کے مطابق عوام کے دیرینہ مطالبے پر حکومت پنجاب کی جانب سے ایک ارب 20 کروڑ کی لاگت سے بنائے جانے والے برن یونٹ کے ٹینڈرز ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آفس میں منعقد ہوئے جبکہ اسکے ساتھ نیشنل پارک لال سہانرا کا بھی ایک ارب سے زائد کا پراجیکٹ بھی شامل تھا۔ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ذرائع کے مطابق دونوں پراجیکٹ ایک ہی فرم نے ٹینڈرز میں حاصل کرلیے ہیں جو کہ حکومتی مقررہ ریٹس سے 22 فیصد کم ریٹ دے کر لیے گئے ہیں جو کہ حیران کن عمل بتایا جارہا ہے ۔ماہرین تعمیرات کا کہنا ہے کہ تقریبا چوبیس ،پچیس کروڑ کم پر ان اہم ترین پراجیکٹس کو دینا بہت سے خدشات کو جنم دیتا ہے جس میں خاص طور پر کوالٹی پر کمپرومائز کرنا اہم ہے ۔انکا کہنا تھا کہ اتنے اہم پراجیکٹس کی کوالٹی پر کمپرومائز کرنا سراسر عوام سے زیادتی اور گورنمنٹ کے پراجیکٹس کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہوگا لہٰذافوری طور پر ان ٹینڈرز کو کینسل کرکے دوبارہ ٹینڈرز کا عمل کرانا چاہئے جس پر عوامی، سیاسی، سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ ،چیف سیکرٹری ،کمشنر اور ڈی سی بہاولپور سے معاملے کا نوٹس لینے اور ٹینڈرز فوری منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔







