جھانگی والا: بچوں سے زیادتی، ویڈیووائرل، بااثر اوباشوں کا گروہ سرگرم

بہاولپور (کرائم سیل) تھانہ صدر کی حدود جھانگی والا میں بااثر اوباشوں پر مشتمل ایک ایسا گروہ سرگرم ہے جو معصوم بچوں کو ورغلا کر ان سے خلافِ وضعِ فطری فعل کرتاہے، ان کی ویڈیوز بنا کر انہیں بلیک میل کرتا ہے اور ان سے پیسے بٹورتا ہے۔ پیسے نہ دینے پر فحش ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کر دی جاتی ہیں۔ پولیس کارروائی کرنے کی بجائے انہیں تحفظ فراہم کرتی ہے اور مقدمات کے اندراج میں لیت و لعل سے کام لیتی ہے۔اسی طرح کا ایک واقعہ جھانگی والا میں پیش آیا، جہاں آسیہ بی بی نے موقف اختیار کیا کہ میرے 15-16 سالہ بیٹے “ع” کو محمد مزمل ولد عبدالمالک جوئیہ، سکنہ کھوہ جندوڈا، ہمراہ دو معلوم افراد، ایک سنسان جگہ لشکر کی گوٹھ کے پاس لے گئے۔ میرے بیٹے کے ساتھ محمد مزمل نے خلافِ فطرت فعل کیا، باقی دو نامعلوم افراد میں سے ایک نے اسے پکڑے رکھا اور دوسرا ویڈیو بناتا رہا۔ ویڈیو بنا کر میرے بیٹے کو بلیک میل کیا گیا اور مختلف اوقات میں 80-90 ہزار روپے ان سے لیے جا چکے ہیں۔ پیسے نہ دینے پر اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کر دی گئی۔میں نے جمعہ کے روز تھانہ صدر میں درخواست دی مگر مقدمہ درج نہ ہوا۔روزنامہ قوم کو جب تمام تر حالات معلوم ہوئے تو انہوں نے ڈی پی او بہاولپور رانا عبدالوہاب کو تمام تر صورتحال سے آگاہ کیا، جس پر ڈی پی او بہاولپور نے فوری نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ نمبر 344/24 بجرم دفعہ 376 تین/ 292 (تعزیرات پاکستان) آسیہ بی بی کی مدعیت میں درج کر لیا، مگر بلیک میل کر کے پیسے لینے کی دفعات شامل نہیں کی گئیں۔ڈی پی او کے احکامات پر تھانہ صدر نے فوری طور پر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے، مگر کوئی بھی ملزم گرفتار نہ ہو سکا۔ مدعیہ نے روزنامہ قوم سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمان بااثر ہیں اور ہمیں دھمکیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے روزنامہ قوم کی کاوشوں کو سراہا اور مطالبہ کیا کہ سی سی ڈی بہاولپور ان بااثر اوباشوں کے خلاف فوری اور موثر کارروائی کرے تاکہ معصوم بچوں کی زندگیوں اور عزت سے کوئی کھلواڑ نہ کیا جا سکے اور انہیں بلیک میل نہ کیا جا سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں