ملتان (عامر ملک سے) جرم اور وردی ایک چھت تلے ،تھانہ بی زیڈ میں قبضہ مافیا کو تحفظ،شہری دھکے کھاتا رہا۔ ملتان تھانہ بہاالدین زکریا سے قبضہ مافیانے پر اعتماد ہو کر قبضہ کر لیا اور درخواست گزار مرزا علی محمد تھانے کے چکر لگا تارہا۔ 25-2-2026 کومرزا علی محمد نے تھانہ بی زیڈ میں اطلاع دی کہ میرے دو مرلے کا پلاٹ جو بھپکا چوک زکریا ٹاؤن پر واقع ہے جس پر قبضہ مافیا محمد رمضان سیال وغیرہ قبضہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس پر تھانہ بی زیڈ کے ایس ایچ او نے کہا آپ کل آکر درخواست دیں۔ اگلے روز 26-2-2026 کو سا ئل تھانہ بی زیڈ میں روبرو ایس ایچ او آ کر ذاتی طور پر ایس ایچ او بی زیڈ کو اس بارے درخواست دی گئی جس کی بنا پر ایس ایچ او نے دونوں پارٹیوں کو اگلے دن کے لیے پابند کیا لیکن قبضہ مافیا محمد رمضان سیال وغیرہ نہ آئے اور سائل تین گھنٹے انتظار کرنے کے بعد واپس لوٹ گیا۔ اگلے دن درخواست گزار جب دوبارہ تھانے گیا تو ایس ایچ او بی زیڈ سے پھر بھی ملاقات نہ ہو سکی۔ سائل 28فروری 2026کو دوبارہ ذاتی حیثیت میں ایس ایچ او بی زیڈ کے پاس پیش ہوا اور بتلایا کہ جناب جب سے آپ کو درخواست دی ہے تین دن گزر گئے اور ہمارا قبضہ پر اعتماد طور پر مافیا پکا کر رہے ہیں جس پر ایس ایچ او بی زیڈ عبدالرؤف لوٹھڑ نے کہا کوئی بات نہیں، آپ دو دن بعد آجائیں دیکھ لیتے ہیں جب دو دن بعد سائل اپنے پلاٹ کے پاس سے گزرا اور دیکھا کہ وہاں پر پر اعتماد قبضہ مکمل ہو رہا ہے۔ سائل نے 15 پر اطلاع دی کہ میں نے 26-2-2026 کو تھانہ بی زیڈ میں قبضے کے متعلق درخواست دی۔ درخواست دینے کے باوجود بھی میرے پلاٹ پر کام جاری ہے اور قبضہ پکا کیا جا رہا ہے۔ مجھے انصاف دلایا جائے پھر کچھ دیر بعد سائل کو تھانہ بی زیڈ سے کال آئی کہ اپ نے 15 پر کال کیوں کی ہے جبکہ آپ نے پہلے سے ہی درخواست دی ہوئی ہے۔ سائل نے بتایا کہ درخواست کے بعد ہی میرے پلاٹ پر کام تیز ہو گیا ہے۔ اس لیے 15 پر کال کرنا پڑی پولیس نے حکم دیا آپ تھانے آ جائیں۔ مرزا علی محمد فورا ًتھانے پہنچا اور پولیس نے ٹال مٹول کرتے ہوئے اگلے دن کا ٹائم دیدیا۔سائل اگلے دن تھانے کاغذات لے کر پیش ہوا لیکن ایس ایچ او موجود نہ تھے اور سا ئل گزشتہ روز بھی تھانہ گیری کے گھیرے میں پھنس کر در بدر کی ٹھوکریں کھاتے ہوئے روزنامہ قوم کے دفتر آ پہنچا اور اپنی روداد اس امید سے سنائی کہ یہاں سے مجھے انصاف ضرور ملے گا ۔یاد رہے پولیس کی آشیروادکے بغیر کسی بھی علاقے کے کسی بھی پلاٹ پرقبضہ مشکل ہی نہیں ناممکن ہے۔شہریوں کاکہناہےکہ بدمعاش ، بھتہ خور یا قبضہ مافیا ،تھانے میں جس کا سب اچھا ہو اس کے لیے پھر سب اچھا ہی ہوتا ہے ۔







