بہاولپور (سپیشل رپورٹر) بہاولپور میں خود ساختہ پیروں کا نیٹ ورک، شہریوں کی جیبوں پر ہاتھ صاف کرنے لگا حکومتِ پنجاب کی جانب سے جعلی عاملوں اور پیروں کے خلاف واضح پابندی کے باوجود بہاولپور میں جعلی عامل اور پیر شہریوں کی جمع پونجی ہتھیا رہے ہیں لوگوں کے سامنے خود کو پاکستان لیول کا جادوگر اور کالے علم سمیت مختلف خفیہ علوم کا ماہر قرار دینے والا شخص جو فیاض شاہ کے نام سے مشہور ہے، شعبدہ بازی اور دعوؤں کے ذریعے سادہ لوح شہریوں کو متاثر کرتا ہے متاثرہ افراد اپنے گھریلو مسائل، کاروباری پریشانیوں اور ذاتی دشمنیوں کے حل کے لیے اس کے پاس رجوع کرتے ہیںجس کے بعد وہ اپنی جمع پونجی سے محروم ہو جاتے ہیں۔ ابتدا میں یہ شخص لاری اڈا کے عقب میں ایک آستانہ قائم کیے ہوئے تھا، تاہم شہری شکایات کے بعد اس نے مجید آباد کالونی میں ایک مکان کو اپنا نیا مرکز بنایا اس کا نیٹ ورک نہ صرف بہاولپور بلکہ سمہ سٹہ، جلال پور لودھراں، وہاڑی، پل فاروق آباد اور احمد پور شرقیہ تک بھی پھیلا ہوا ہے۔ اسی طرح، محمود چوک کے رہائشی پیر سید نیاز حسین شاہ بخاری بھی سادہ لوح شہریوں خصوصاً گھریلو خواتین کو سبز باغ دکھا کر مالی فائدہ حاصل کرنے کے الزامات کی زد میں ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ یہ پیر کالا علم، عملیات اور دیگر روحانی دعووں کے ذریعے شہریوں کو اپنے جال میں پھنسا کر ان کی جمع پونجی ہتھیا رہا ہے، جس سے کئی خاندان شدید مالی اور سماجی مشکلات کا شکار ہو چکے ہیں ۔فیاض شاہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ شاہ ہے اور نہ سید، اور نہ ہی دم درود کرتا ہے، اور خبر لگانے سے اس کی شہرت میں اضافہ ہوگا ۔شہری حلقوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہری مزید مالی اور سماجی نقصان سے محفوظ رہ سکیں۔







