تونسہ شریف: سیف سٹی بنا تھیف سٹی، کیمروں کے تارہی چور لے کرفرار

ڈیرہ غازیخان (ڈسٹرکٹ رپورٹر )تونسہ شریف میں سٹی پولیس کی مبینہ نااہلی کے باعث جہاں چوری کی وارداتوں میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے وہیں ایک انوکھا واقعہ بھی سامنے آیا ہے۔ نامعلوم چوروں نے نگرانی کے لیے نصب کیے گئے سیف سٹی کیمروں کی تاریں ہی چوری کرلیں، جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ منیجر سیف سٹی محمد عرفان کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق اے سی آفس کے ساتھ نصب سیف سٹی کیمروں کے کھمبے سے تقریباً 120 فٹ کیبل چوری کرلی گئی۔ واقعہ سامنے آنے کے بعد متعلقہ حکام نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق سیف سٹی منصوبے کے تحت نصب کیے گئے کیمرے شہر میں سکیورٹی اور جرائم کی روک تھام کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ تاہم کیمروں کی تاروں کی چوری نے سکیورٹی نظام کی مؤثریت پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر نگرانی کے لیے لگائے گئے کیمروں کی تاریں بھی محفوظ نہیں تو جرائم کی روک تھام کیسے ممکن ہوگی۔واقعے کی ایف آئی آر کی کاپی سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی ہے جس میں واضح طور پر کیبل چوری کا ذکر کیا گیا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس اس واقعے کی مکمل تحقیقات کرے اور ملوث عناصر کو جلد گرفتار کیا جائے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور ملزمان کی تلاش کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں