دنیاپور : جعلی بینک نمائندے کے ذریعے بیرون ملک شہریوں سے دھوکہ دہی

دنیاپور(کرائم رپورٹر)تحصیل دنیاپور میں مبینہ طور پر ڈیلنگ مافیا کے سرگرم ہونے کا انکشاف ہوا ہے جس کے باعث نہ صرف مقامی افراد بلکہ بیرونِ ملک شہری بھی مالی دھوکہ دہی کا شکار ہو رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق چک نمبر 311 ڈبلیو بی کا رہائشی محمد ذیشان اصغر خود کو جعلی طور پر راجیش کمار ظاہر کرکے اور کورنگی یونین بینک آف انڈیا کا نمائندہ بن کر مختلف ممالک کے شہریوں کو دھوکہ دینے میں ملوث بتایا جاتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم مبینہ طور پر آن لائن طریقہ کار کے ذریعے لوگوں کے بینک اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرکے رقوم منتقل کرتا ہے، جس کے نتیجے میں متاثرہ افراد کو لاکھوں اور کروڑوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ اس دھوکہ دہی کے نیٹ ورک میں اس کے بعض قریبی رشتہ دار بھی شامل ہیں جو بیرونِ ملک مقیم ہیں اور مالی لین دین کے عمل میں معاونت کرتے ہیں۔ذرائع کے مطابق متاثرین سے حاصل کی گئی رقم مختلف ذرائع سے بیرونِ ملک منتقل کی جاتی ہے اور بعد ازاں پاکستان کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل ہونے کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں، جس سے نہ صرف مالی جرائم میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ پاکستان کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔مزید یہ کہ مبینہ ملزم کے پاس یونین بینک آف انڈیا سے منسوب ایک کارڈ بھی ہونے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔شہری حلقوں نے اس معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ اور ڈی پی او لودھراں سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے،شفاف تحقیقات کر کے حقائق سامنے لائے جائیں اور اگر الزامات درست ثابت ہوں تو ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہریوں کو مالی نقصان سے بچایا جا سکے اور ایسے جرائم کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں