ملتان پولیس کی محنت رنگ لے آئی، جرائم کی شرح میں حیران کن کمی، شہری محفوظ

ملتان(نمائندہ قوم)ضلع ملتان میں سال 2026 کے ابتدائی عرصے میں سنگین جرائم میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پولیس کی جانب سے جاری کردہ تقابلی رپورٹ کے مطابق یکم جنوری 2026 سے 10 مارچ 2026 تک جرائم کے مختلف واقعات کا موازنہ گزشتہ سال 2025 کی اسی مدت سے کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق ڈکیتی کے واقعات میں 57 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، کار چوری کے واقعات میں 100 فیصد کمی ہوئی، جبکہ موٹر سائیکل چھیننے کے کیسز میں 73 فیصد کمی دیکھی گئی۔ اسی طرح موٹر سائیکل چوری کے واقعات میں 61 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ دیگر جرائم کی اقسام میں بھی نمایاں کمی سامنے آئی ہے جو مجموعی طور پر امن و امان کی صورتحال میں بہتری کی عکاسی کرتی ہے۔تقابلی اعداد و شمار کے مطابق یکم جنوری 2025 سے 10 مارچ 2026 تک ضلع ملتان میں مجموعی طور پر 13230 مقدمات درج ہوئے تھے، جبکہ سال 2026 کے اسی عرصہ میں صرف 6724 مقدمات درج کیے گئے۔ اس طرح مجموعی طور پر 6506 مقدمات کی کمی واقع ہوئی، جو رپورٹ کے مطابق نمایاں کمی ظاہر کرتی ہے۔ یہ اعداد و شمار پولیس کی حکمت عملی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مؤثر کارکردگی کو نمایاں کرتے ہیں۔یکم جنوری 2026 سے 10 مارچ 2026 تک ملتان کے مختلف علاقوں میں 70 سے زائد سرچ آپریشنز کیے گئے۔ ان آپریشنز کا مقصد اشتہاری مجرموں کی گرفتاری، عادی مجرموں کے خلاف کارروائی، منظم گینگز کا خاتمہ اور اسٹریٹ کرائم کی روک تھام تھا۔ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں نے جرائم کے ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی میں اہم کردار ادا کیا اور پولیس کو مؤثر اقدامات اٹھانے میں مدد فراہم کی۔اعداد و شمار کے مطابق قتل کے واقعات بھی کم ہوئے ہیں۔ رواں سال اس مدت کے دوران 18 قتل رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں 22 قتل کے واقعات سامنے آئے تھے۔ اسی طرح زیادتی کے کیسز میں بھی 56% دیکھی گئی جہاں رواں سال 04 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ سال 09 کیسز درج کیے گئے تھے۔اسی طرح ڈکیتی میں 57فیصد اور راہزنی66 فیصد اور دیگر سنگین جرائم میں بھی واضح کمی سامنے آئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ مختلف کیٹیگریز میں جرائم کی تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہوئی ہے۔جرائم میں کمی کی وجہ مؤثر پولیسنگ، گشت میں اضافہ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیاں ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے آپریشنز اور نگرانی کا عمل مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں