مختلف سرٹیفکیٹس کے نام پر لاکھوں روپے رشوت، درجہ چہارم ملازم کا نیٹ ورک قائم

رحیم یارخان(بیورو رپورٹ)”عہدہ چھوٹا کام بڑے”،یونین کونسل کوٹ مہدی شاہ میں درجہ چہارم کے ملازم کا راج،برتھ،ڈیتھ سرٹیفکیٹس کے ریٹ مقرر،ایجنٹوں کی فوج بھرتی کرلی،برتھ سرٹیفکیٹ 15 ہزار،ڈیتھ سرٹیفکیٹ 10 ہزار،نکاح نامہ کمپیوٹرائز کرنے کے 15 سے 20 ہزار وصول کئے جانے کا انکشاف، سرٹیفکیٹس ضلع کی 139 یونین کونسلوں سے جاری کروائے جانے لگے،ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اور حکام معاملات سے لاعلم نکلے،یونین کونسلوں میں ہونیوالی لوٹ مار کیخلاف شہری نے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کو درخواست دیدی،کاروائی متوقع۔تفصیل کے مطابق محکمہ لوکل گورنمنٹ رحیم یارخان میں کرپشن کی گنگا بہنے لگی،ایڈمنسٹریٹر لوکل گورنمنٹ عبدالغفور گوپانگ کے بعد سیکرٹریز یونین کونسلوں اور درجہ چہارم کے ملازمین کی کرپشن عیاں ہونے لگی،باؤثوق ذرائع کے مطابق یونین کونسل کوٹ مہدی شاہ میں درجہ چہارم کے ملازم جام ساجد نامی نے بنیادی شہری دستاویزات بنوانے کیلئے آنیوالے شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کر رکھا ہے،ذرائع نے بتایا کہ درجہ چہارم کا ملازم جام ساجد جو کہ چپڑاسی کی سیٹ پر تعینات ہے مگر یونین کونسل کے تمام سرکاری ریکارڈ پر قابض ہوچکا ہے اور یونین کونسل میں برتھ،ڈیتھ سرٹیفکیٹس،نکاح ناموں کا اندراج،نکاح نامے کمپیوٹرائزڈ کروانے کیلئے آنیوالے سائلین کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہے،ذرائع نے بتایا کہ برتھ سرٹیفکیٹ جس کی سرکاری سطح پر کوئی فیس نہ ہے اور اگر سات سال بعد بنوایا جائے تو اسکی سرکاری فیس 200 روپے مقرر ہے مگر یونین کونسل کوٹ مہدی شاہ کا چپڑاسی جام ساجد برتھ سرٹیفکیٹ کا 15 ہزار روپے وصول کرنے میں مصروف ہے،اسی طرح ڈیتھ سرٹیفکیٹ کیلئے 10 ہزار اور نکاح نامہ کی فیس 15 سے 20 ہزار وصول کرنے میں مصروف ہیں۔سائلین نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ جام ساجد چپڑاسی رشوت نہ دینے والے سائلین کے سرٹیفکیٹ کے اجراء میں رکاوٹ بن جاتا ہے اور فائلیں غائب کردیتا ہے تاکہ کوئی بھی شہری بنیادی شہری دستاویزات بغیر رشوت کے وصول نہ کر سکے۔سائلین نے انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ یونین کونسل کوٹ مہدی شاہ کے چپڑاسی نے ایجنٹوں کی فوج بھرتی کر رکھی ہے جو یونین کونسل میں آنیوالے سائلین کو سرکاری دفتر میں پہنچنے سے قبل ہی گیٹ پر گھیر لیتے ہیں اور بھاری رقم وصول کرنے کے بعد سرٹیفکیٹس کا اجراء کرواتے ہیں،یونین کونسل کوٹ مہدی شاہ کے چپڑاسی جام ساجد نے ضلع بھر کی 139 یونین کونسلوں کے درجہ چہارم کے ملازمین کا منظم نیٹ ورک قائم کر رکھا ہے جو غیر قانونی طریقے سے برتھ،ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے اجراء کروانے میں مصروف ہیں۔اس حوالے سے جب موقف جاننے کیلئے محکمہ لوکل گورنمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر رئیس اشفاق احمد،دفتری حکام اور سیکرٹری یونین کونسل سے موقف جاننے کیلئے رابطہ کیا تو انہوں نے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ آج تک کوئی بھی تحریری درخواست یا شہری شکایت لے کر آفس نہیں پہنچا معاملہ ابھی میڈیا کے ذریعے نوٹس میں آیا ہے جس کی چھان بین کروائے گے،اگر درجہ چہارم کا ملازم جام ساجد غیر قانونی طریقے سے سرٹیفکیٹس کا اجراء کروا رہا ہے تو اسکے خلاف سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں