ملتان سمیت پنجاب کے ہسپتالوں میں انسولین غائب، شوگر کے لاکھوں مریض خطرے میں

ملتان(وقائع نگار)نشترہسپتال سمیت پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں انسولین کی شدید قلت، شوگر مریضوں کو مشکلات کا سامناہے۔نشتر ہسپتال سمیت پنجاب کے تمام بڑے سرکاری ہسپتالوں میں انسولین کی شدید قلت کے باعث شوگر کے مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ گزشتہ ایک سال سے زائد عرصے سے ہسپتالوں میں انسولین کی عدم دستیابی کے باعث لاکھوں مریض پریشانی میں مبتلا ہیں اور انہیں نجی میڈیکل سٹورز سے مہنگی قیمت پر دوا خریدنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔مریضوں کے مطابق ہسپتالوں کی او پی ڈی اور فارمیسی میں اکثر اوقات انسولین کا سٹاک ختم ہوتا ہے جس کے باعث انہیں کئی بار ہسپتال کے چکر لگانا پڑتے ہیں لیکن دوا دستیاب نہیں ہوتی۔ ایک مریض نے بتایا کہ وہ روزانہ ہسپتال آتے ہیں مگر ڈاکٹر اور عملہ یہی جواب دیتے ہیں کہ انسولین دستیاب نہیںجبکہ پرائیویٹ مارکیٹ میں اس کی قیمت غریب مریضوں کی استطاعت سے باہر ہے۔ماہرین صحت کے مطابق انسولین شوگر کے مریضوں کے لیے زندگی بچانے والی دوا ہے۔ اس کی عدم دستیابی سے مریضوں کا شوگر لیول بے قابو ہو جاتا ہے جس کے نتیجے میں دل، گردوں، آنکھوں اور اعصابی نظام سے متعلق سنگین پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔ حالیہ مہینوں میں شوگر کے مریضوں کی حالت بگڑنے اور انہیں ایمرجنسی میں لانے کے واقعات میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔حکومت پنجاب کی جانب سے صحت کے شعبے میں اصلاحات اور سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی کے دعوے کیے گئے تھے۔ محکمہ صحت کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت صوبے بھر میں شوگر کے مریضوں کو انسولین کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں، جن میں خصوصی پروگراموں کے تحت بعض مریضوں کو گھروں تک انسولین کی فراہمی بھی شامل ہے۔تاہم زمینی صورتحال کے مطابق پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں انسولین کی کمی بدستور برقرار ہے۔ اس سے قبل بھی مختلف اوقات میں انسولین کی قلت کی شکایات سامنے آتی رہی ہیں، جس کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔مریضوں اور سماجی حلقوں نے محکمہ صحت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ہسپتالوں میں انسولین کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے، سپلائی چین کو بہتر بنایا جائے اور سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ شوگر کے مریضوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں