بہاولپور: میپکو کی غیر قانونی ٹاؤنز کو بجلی فراہمی، تحقیقاتی ادارے خاموش تماشائی

بہاولپور( ڈسٹرکٹ رپورٹر)ایس ای رحیم یار خان، بہاولپور، بہاول نگر اور بہاولپور کے ایکسین سٹی، ایکسین ماڈل ٹاؤن، ایکسین خانپور، ایکسین حاصل پور اور ایکسین احمد پور کے زیرِ سایہ غیر منظور شدہ ٹاؤنز کو واپڈا سپلائی دی جانے لگی ہے، جبکہ متعلقہ ایس ڈی او نے مبینہ طور پر ناجائز مال کمانا شروع کر دیا ہے اور اعلیٰ تحقیقاتی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق ضلع بہاولپور، رحیم یار خان اور بہاول نگر کی حدود میں متعدد غیر منظور شدہ ٹاؤنز اور کچی کٹنگ موجود ہیں جن کی این او سی بھی میونسپل کارپوریشن نے جاری نہیں کی، تاہم واپڈا افسران نے مبینہ طور پر بھاری رقوم وصول کر کے ان ٹاؤنز کو واپڈا سپلائی دے دی ہے، جس سے میپکو کو ڈیمانڈ نوٹس کی مد میں کروڑوں روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ اکثر ٹاؤن تین سے چار ایکڑ اور چار سے آٹھ ایکڑ کے درمیان واقع ہیں، جبکہ قانون کے مطابق کسی بھی ٹاؤن کو واپڈا سپلائی دینے سے پہلے تمام متعلقہ اتھارٹیز سے این او سی حاصل کیا جاتا ہے۔ اس کے بعد محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ موقع ملاحظہ کرتا ہے اور پھر ڈیمانڈ نوٹس جاری کیا جاتا ہےلیکن گزشتہ دو سے تین سالوں کے دوران ٹاؤن مافیا کی مبینہ کرپشن اور واپڈا افسران کی ملی بھگت سے کروڑوں روپے کے ڈیمانڈ نوٹس سرکاری خزانے میں جمع کرانے کے بجائے لاکھوں روپے مبینہ طور پر افسران غیر منظور شدہ ٹاؤنز کو واپڈا سپلائی جاری کرانے کے عوض وصول کر رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق اس معاملے کی تحقیقات صرف وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) ہی کر سکتا ہے، مگر تاحال اس جانب کوئی مؤثر توجہ نہیں دی جا رہی۔مطالبہ کیا گیا ہے کہ ڈی جی ایف آئی اے اور ڈائریکٹر ایف آئی اے ملتان فوری طور پر غیر قانونی واپڈا سپلائی کے خلاف ایکشن لیں اور غیر منظور شدہ ٹاؤنز کو دی جانے والی بجلی کے کنکشنز کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں