جام پور: پٹرول ایجنسیوں، گیس فلنگ فیکٹری پر اے سی کی سرپرستی کی چھتری، سانحے کا خدشہ

ڈیرہ غازی خان (کرائم سیل) جام پور شہر میں غیرقانونی پٹرول ایجنسیوں کی بھرمار نے عوامی تحفظ کے لیے سنگین خطرات پیدا کر دیئے ہیں۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں بشمول کوٹلہ روڈ چونگی، ڈیمس گیٹ، یونین کونسل کے اطراف، لاری اڈا، چونگی چوک اور بائی پاس روڈ پر بیسیوں غیرقانونی پٹرول ایجنسیاں کھلے عام کام کر رہی ہیں جہاں پٹرول اور ڈیزل کی فروخت دھڑلے سے جاری ہے۔ذرائع کے مطابق ان غیرقانونی کاروبار کو مقامی انتظامیہ کی سرپرستی حاصل ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر جام پور ثاقب عدنان اپنے ملازم شکیل ببر کے ذریعے ان ایجنسیوں سے مبینہ طور پر بھتہ وصول کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ اے سی پر الزام ہے کہ انہوں نے شہزاد چانڈیہ، عطاء اللہ ببر، نادر وینس اور ساجد سنارا جیسے افراد کو کھلے عام یہ غیرقانونی ایجنسیاں چلانے کی اجازت دے رکھی ہے۔واضح رہے کہ پچھلے دنوں ایسی ہی ایک غیرقانونی ایجنسی میں گیس سلنڈر پھٹنے سے آگ لگنے کا واقعہ پیش آ چکا ہےجس سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔اسی طرح جام پور بائی پاس کے ساتھ ایک گیس سلنڈر فلنگ فیکٹری بھی کام کر رہی ہے جس کے سکیورٹی آلات نامکمل بتائے جاتے ہیں اور اس کی رجسٹریشن بھی نامکمل ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیکٹری بھی اے سی جام پور کی سرپرستی میں چل رہی ہے جو کسی بھی لمحے بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔عوامی اور سماجی حلقوں نے انتظامیہ کی اس مبینہ ملی بھگت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری نوٹس لینے اور ان غیرقانونی کاروباروں کو بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عوامی جان و مال کی حفاظت کو ترجیح بنایا جائے اور مافیا کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں