بہاولپور: سوشل میڈیا اکاؤنٹ تنازع اغوا ، تشدد کے الزامات سے بھڑک اٹھا

بہاولپور (کرائم سیل) تھانہ عباس نگر کی حدود میں “چڈی پلس”اکاوئنٹ بنا کر شہریوں کی کردار کشی کرنے والے اکاوئنٹ ہولڈرز کے اغواء تشدد کیس نے سنسنی پھیلا دی ہے، جہاں سوشل میڈیا پر مبینہ کردار کشی سے شروع ہونے والا تنازع اغوا اور تشدد کے سنگین الزامات تک جا پہنچا۔ وائرل ویڈیوز، مبینہ معافی اور مقدمات کے اندراج کے بعد شہر میں بے چینی کی فضا قائم ہے، رائے عامہ منقسم ہے اور پولیس کی تفتیش پر سوالات اٹھ رہے ہیں، جبکہ سنجیدہ حلقے خبردار کر رہے ہیں کہ اگر بروقت اور غیر جانبدارانہ کارروائی نہ ہوئی تو یہ معاملہ کسی بڑے سانحے میں بھی بدل سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لال سوہانرا کے رہائشی لقمان اور اس کے ساتھی احمد نے سوشل میڈیا پر “چڈی پلس” کے نام سے ایک اکاؤنٹ بنا کر مبینہ طور پر علاقہ مکینوں کے خلاف نازیبا زبان اور سنگین الزامات پر مبنی درجنوں بلکہ سینکڑوں ویڈیوز اپ لوڈ کیں، جن میں لال سوہانرا، جھانگی والا، باقر پور اور گردونواح کے افراد، بعض بااثر شخصیات، سیاست دانوں کے قریبی حلقوں اور مبینہ طور پر جرائم پیشہ عناصر کو نشانہ بنایا گیا۔ ذرائع کے مطابق چند روز قبل سجاول شاہ گینگ، جس میں عمران عرف جانی نصیب اور دیگر مبینہ جرائم پیشہ افراد شامل بتائے جاتے ہیں، نے مبینہ طور پر اکاؤنٹ چلانے والے نوجوانوں کو اغوا کر کے تشدد کا نشانہ بنایا اور ان سے معافی بھی منگوائی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او بہاولپور نے اغوا اور تشدد میں ملوث عناصر کے خلاف دو مقدمات درج کروا دیے۔ سوشل میڈیا پر اس معاملے پر رائے منقسم ہے؛ ایک طبقہ تشدد کو غیر قانونی اور غیر اخلاقی جرم قرار دے رہا ہے، جبکہ دوسرا مؤقف اختیار کر رہا ہے کہ مذکورہ اکاؤنٹ کے ذریعے لوگوں کی پگڑیاں اچھالنا اور کردار کشی معمول بن چکا تھا، اس لیے متعلقہ افراد کے خلاف بھی تحقیقات ہونی چاہئیں اور جس کا جتنا قصور ہو اسے اتنی ہی سزا ملنی چاہیے۔ ذرائع یہ بھی بتاتے ہیں کہ تشدد کا نشانہ بننے والے لقمان اور احمد اس وقت علاقے سے غائب ہیں اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انہیں مزید انتقامی کارروائی کا خوف لاحق ہے۔ سنجیدہ حلقوں نے پولیس کی تفتیش کے معیار پر سوالات اٹھاتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر بروقت اور غیر جانبدارانہ کارروائی نہ کی گئی تو یہ تنازع کسی بڑے سانحے یا جانی نقصان کا سبب بن سکتا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں